محکموں کی کارکردگی کا جائزہ
فیصل آباد (11 اکتوبر 2024)
چیئرپرسن پنجاب چیف منسٹرز ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ،ایویلویشن اینڈ فیڈبیک بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بابر علائو الدین نے کہا ہے کہ عوام کو تمام بنیادی ضروریات کی معیاری فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اس لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی تمام تر توجہ سیوریج ، واٹر سپلائی ، شجر کاری ، ڈویلپمنٹ پلاننگ سمیت دیگر بنیادی سروسز پر مرکوز ہے۔ انہوں نے یہ بات واسا ہیڈ آفس میں ایف ڈی اے ، واسا ، میونسپل کارپوریشن ، پی ایچ اے کے سربراہان سمیت دیگر افسران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری ، ایم ڈی واسا عامر عزیز کے نمائندہ ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری, ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر شہاب اسلم، میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر محمد زبیر وٹو سمیت متعلقہ اداروں کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ چیئرپرسن بریگیڈیئر ریٹائرڈ بابر علائو الدین نے مزید کہا کہ پنجاب کے دیگر اضلاع سے فیصل آباد کے مسائل مختلف ہیں اس لئے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے پبلک سروسز کے تمام اداروں ایف ڈی اے ، واسا ، پی ایچ اے اور میونسپل کارپوریشن مزید متحرک ہوکر بہترین کارکردگی سے شہریوں تیز رفتار ریلیف اور آسانیاں فراہم کریں جس کے لئے ان اداروں میں فرنٹ ڈیسک کو فعال کیا جائے ، اوور سیز کے مسائل کے لئے الگ سے ون ونڈو ڈیسک قائم کئے جائیں تاکہ شکایات کی مسلسل ٹریکنگ کا سلسلہ جاری اور مانیٹرنگ کی جا سکے۔ چیئرپرسن نے مزید ایف ڈی اے حکام سےکہا کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف ٹھوس اور جامع کارروائی کریں اس سلسلے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں کو تاکید کی کہ تمام غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے باہر بڑے بڑے معلوماتی بورڈز لگائے جائیں تاکہ عوام ان کی قانونی حیثیت سے آگاہ رہیں اور غیر قانونی ہونے کی صورت میں پلاٹ خریدنے سے اجتناب کریں۔ چیئرپرسن نے سوساں روڈ کی گرین بیلٹ کو صاف اور بہتر بنانے ، انٹرنل روڈ کے پیچ ورک کو فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن کچی آبادیوں کے گھر یا اراضی شہریوں کے نام منتقل ہو چکی ہے انہیں کچی آبادیوں کے سٹیٹس سے باہر نکالا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے ، واسا اور ٹیپا کے آپریشنز ، مسائل اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے فیصل آباد کے ماسٹر پلان اور اس کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تفصیلات کے بارے میں بتایا۔ اجلاس کے اختتام پر انہوں نے واسا ہیڈ آفس کے باغیچہ میں کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت شجر کاری مہم کا پودا بھی لگایا ۔