Master Plan will help to control haphazard development
فیصل آباد(5جنوری2023)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام نے کہاکہ فیصل آباد ماسٹر پلان اس شہر کی نقشہ کے تحت بنیاد کے ورثہ کو آگے بڑھائے گا جس کی بدولت مستقبل میں ترقی کی جہتوں کو منظم خطوط پر استوار کرنے میں مددملے گی ۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میںایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عابد حسین بھٹی ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنر ل ایف ڈی اے نے بتایاکہ فیصل آباد ماسٹر پلان کا پنجاب گزٹ میں نوٹیفکیشن جاری کردیاگیاہے جس پر عملد رآمد کے سلسلے میںمتعلقہ محکموں /اداروں کو آگاہ کیاجارہاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ تعمیر و ترقی کے حوالے سے آئندہ کی ترقیاتی پلاننگ میں ماسٹر پلان میں رہائشی آبادیوں، صنعتی علاقوں ، پبلک پلاننگ اور عوامی سہولت کے دیگر منصوبوں کے بارے میں زوننگ پلان ترتیب دیاگیاہے جس کے مطابق قومی تعمیرکے ادارے منصوبہ سازی کرسکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ وقت کے ساتھ اس ماسٹر پلان کے مثبت اثرات اور متعدد معاشی وسماجی فوائد سامنے آئینگے اور شہر ہمہ جہت ترقی کی طرف بڑھے گاجس سے صنعت و حرفت ، سائنس و ٹیکنالوجی ، ریسرچ اور دیگر مختلف کاروباری سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے ماسٹر پلان کی تیاری میں مقامی سیاسی قیادت ، گورننگ باڈی کے اراکین ، ایف ڈی اے کے افسران اوردیگر سٹیک ہولڈرز کے تعاون اور کاوشوں کوسراہا۔اجلاس کے دوران ڈی جی ایف ڈی اے نے افسران کو تلقین کی کہ شہری ترقی اور عوامی سروسز کا عمدہ معیار قائم کرنے کے لئے محکمانہ کارکردگی میں مزید اضافہ کریں اور زمینی حقائق کے مطابق محکمانہ رپورٹس تیار کی جائیں ۔