News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

ون ونڈو کاؤنٹر کی کارکردگی کا جائزہ

فیصل آباد (2 جون 2025) ایف ڈی اے کے ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران مختلف سروسز کے حوالے سے 1079 درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا جن میں ماہ مئی کے دوران نپٹائی گئی 149 درخواستیں بھی شامل ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو ایک اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب ، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری و دیگر افسران موجود تھے۔ اجلاس کے دوران جنوری 2025 سے اب تک ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا کہ اس عرصہ میں شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ سے متعلق سروسز کے حوالے سے 612 درخواستوں کو ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ ٹائون پلاننگ ون سے 3 31درخواستیں نپٹائی گئیں اس طرح ٹائون پلاننگ ٹو سے متعلق امور کے بارے میں 115 شہریوں کی داد رسی کی گئی اور کچی آبادیوں کے معاملات کے حوالے سے 21 درخواست گزاروں کے مسائل حل کئے گئے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ فراہم کردہ سروسز میں رہائشی و کمرشل بلڈنگ پلان کی منظوری، جائیدادوں کی کمرشلائزیشن، پلاٹس کی تعمیرمدت سے متعلقہ امور، تکمیلی سرٹیفیکٹس، جائیدادوں کی ٹرانسفر، ٹائون پلاننگ رپورٹس، اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکٹس اور مختلف این اوسی کے اجراء سمیت ایف ڈی اے کی سروسز کے بارے میں دیگر امور شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تیز رفتار سروس ڈیلیوری کیلئے جدید مہارتوں کو بروئے کار لائیں اور تمام سروسز کی آن لائن فراہمی کے لئے جامع اور موثر نظام وضع کیا جائے تاکہ ہر ممکن حد تک کم سے کم وقت میں درخواست گزاروں کے مسائل حل ہو سکیں۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سے کہا کہ وہ ون ونڈو کائونٹر کی روزانہ کی بنیا د پر مانیٹرنگ جاری رکھیں تاکہ سروسز کی فراہمی کے معیار میں کوئی کمی یا تعطل نہ آئے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کے انچار ج افسران سے کہا کہ وہ سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور کوئی فائل یا درخواست بلاجواز زیر التواء نہیں رہنی چاہیئے۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ اور انچارج ون ونڈو کائونٹر عبداللہ نور نے بتایا کہ اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء کا نظام کامیابی سے چل رہاہے جبکہ دیگر سروسز کی فراہمی میں جدت لانے کیلئے مربوط اقدامات کئے جارہے ہیں۔

Explore Us