شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ
فیصل آباد (3 جون 2025) ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے شعبہ جاتی کارکردگی میں اضافہ کے لئے عمدہ نظم ونسق کو برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے اور انچارج افسران سے کہا ہے کہ وہ سٹاف کو نظم و ضبط اور دفتری امور تیز رفتاری سے نمٹانے کا پابند رکھیں. اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کو دفتری نظام کو بہتر رکھنے کے لئے باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جنہوں نے ایک میٹنگ کے دوران شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیا اور افسران سے کہا کہ وہ سٹاف کی حاضری اور تیز رفتار سروس ڈیلیوری کو یقینی بنائیں۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر آئی ٹی /ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف و دیگر افسران موجود تھے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ خوشگوار اور صاف ستھرے دفتری ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے تمام شعبوں کی باقاعدگی سے انسپکشن جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاف کو صفائی کے اعلیٰ معیار، تمام دفتری سازوسامان /املاک کی دیکھ بھال /حفاظت کا بخوبی ادراک ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دفتری اوقات میں ون ونڈو کائونٹر پرعملہ ہمہ وقت موجود ہونا چاہیئے تاکہ درخواست گزاروں کو انتظار کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔ انہوں نے تاکید کی کہ کسی بھی شہری کی شکایت کا فوری نوٹس لیکر بلا تاخیر ازالہ کریں تاکہ ایف ڈی اے کی سروسز پر لوگوں کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔ اے ڈی جی نے مالیاتی امور میں شفافیت اور نظم وضبط برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ وصولیوں اور ادائیگیوں کے بروقت اندرجات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا تمام فنانشیل رولز کا خصوصی خیال رکھا جائے اور حسابات کے پری آڈٹ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ کسی بے قاعدگی یا بے ضابطگی کا احتمال نہ رہے۔