غیرقانونی ہائوسنگ سکیم اور تجاوزات کے خلاف کارروائی
فیصل آباد (5 جون 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر 203 رب میں اضافی آبادی قائم کرنے کی کوشش ناکام بنا دی جبکہ گلبرگ کالونی میں گھروں کے باہر پختہ دھڑوں و دیگر تعمیرات کی تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسرانیب اسلم رندھاوا کی سرپرستی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو چک نمبر203 ر۔ب کی اراضی پر اضافی آبادی قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جسکی سٹرکوں و دیگر تعمیرات کو مسمار کرکے اس قانونی شکنی کو روک دیاگیا۔ ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلبرگ کالونی میں مختلف بازاروں اور گلیوں کو چیک کیا تو وہاں بعض گھروں کے باہر پختہ دھڑے و دیگر تعمیرات کرکے تجاوزات قائم کر رکھی تھیں جن کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا گیا جس سے عوامی راستے کلیئر ہوگئے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیمیں اور تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کیاجائے بصورت دیگر نہ صرف ناجائز تعمیرات کو مسمار کردیاجائیگا بلکہ قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج بھی کرائے جا سکتے ہیں۔