News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

ریونیو ریکوری کا جائزہ

فیصل آباد (7 اگست 2025) قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے خبردار کیا ہے کہ ریونیو ریکوری ٹارگٹس کے حوالے سے ناقص کارکردگی میں کوئی عذر قابل قبول نہیں اور قصوروار سٹاف کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے یہ وارننگ ایک اجلاس کے دوران بقایاجات کی وصولی کے اہداف کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں فیلڈ سٹاف کی انفرادی کارکردگی کی جانچ کی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹرز  اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عاصم محمود، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس فیصل طارق بٹ، حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ راحیل ظفر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس عدنان شہزاد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں اختر و دیگر افسران موجود تھے۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے سست رفتار ریکوری کے حامل سٹاف کی سرزنش کی اور کہا کہ عدم توجہی، غفلت اور محکمانہ فرائض سے پہلو تہی برداشت نہیں کی جائیگی اور اہداف کے حصول میں ناکامی کی صورت میں قصوروار سٹاف کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ انسپکٹرز کو فیلڈ میں متحرک رکھاجائے اور کمرشلائزیشن فیسوں اور غیرقانونی ڈویلپمنٹ پر عائد جرمانوں سمیت دیگر مدات میں بقایاجات کی وصولی کے لئے نادھندگان کےخلاف بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہیئے اس سلسلے میں کسی قسم کی ملی بھگت کرنے والوں کو اینٹی کرپشن کے حوالے کیاجائیگا۔ انہوں نے مختلف شعبوں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ ریونیو مہم کی خصوصی مانیٹرنگ کریں اور ڈیلی پراگریس کو ہرصورت چیک کیاجائے۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سرکاری واجبات اور نادھندگان کے ذمہ بقایاجات میں کوئی تغاوت نہیں ہونا چاہیے ، واجبات /فیسوں کے حسابات میں طے شدہ شیڈول کے مطابق شفافیت کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ، ٹائون پلاننگ، میٹریل ٹیسٹنگ لیب اور ون ونڈو کائونٹر کے انچارج افسران نے اب تک کی وصولیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

Explore Us