تجاوزات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر کارروائی
فیصل آباد (2 ستمبر 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی اور تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملت ٹائون میں بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی پر 3 پلاٹس کو سربمہر کر دیا جب کہ ملت ٹائون کے مختلف بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے راستوں میں رکھے گئے کاروباری سامان کو قبضہ میں لے لیاگیا، ان خلاف ورزیوں پر قانونی شکن افراد کے خلاف چالان میں سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے ملت ٹائون میں انسپکشن کی تو وہاں تین گھروں کی تعمیر میں بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی پائی گئی جنہیں فوری طور پر سیل کر دیا اور مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ منظور شدہ نقشہ کی پابندی کریں اور کسی قسم کی تبدیلی یا ترمیم کی صورت میں باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے بصورت دیگر ناجائز تعمیرات کو مسمار کر دیا جائیگا۔ علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے ملت ٹائون کے مختلف بازاروں کو چیک کیا تو بعض دکانداروں نے اپنا کاروباری سامان اٹھا کر راستوں اور سٹرکوں کو بلاک کیاہوا تھا جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا گیا اور راستوں کو کلیئر کر دیا گیا ان دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیئے گئے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں اور تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کیاجائے بصورت دیگر ناجائزتعمیرات کومسمار کرنے اور تجاوزات میں استعمال ہونے والا بحق سرکار ضبط کرنے کے علاوہ قصورواروں کو بھاری جرمانوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔