پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے لئے پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم
فیصل آباد (18 ستمبر 2025) پنجاب بورڈ آف ریونیو کے پنجاب اربن لینڈ سسٹم انحاسمنٹ کے تحت پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز کے لئے "پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم" وضع کیا گیا ہے جس کے تحت پلاٹس کی رجسٹری ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈویلپرز کے نامزد کردہ سب رجسٹرار کر سکے گا اور فریقین کو رجسٹری کے لئے اراضی ریکارڈ سنٹر یا محکمہ ریونیو کے سب رجسٹرار کے پاس نہیں جانا پڑے گا۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت ایک اجلاس میں بتائی گئی جس میں پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز نے شرکت کی جن میں ریاست ڈوگر ، رانا شوکت،جاوید بھٹی، مبشر نسیم و دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کوآرڈینٹر ''پلس'' حافظ عبد الغفور نے ریونیو آفیسر جاوید رفیق، کمیونٹی انگیجمنٹ ایسوسی ایٹ فرحان راجپوت کے ہمراہ پراپرٹی ٹرانسفرسسٹم کے نمایاں پہلوئوں، اہمیت و افادیت اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز کو مستحکم کرنے کی خواہاں ہے اس مقصد کے لئے انہیں پلاٹس کی ٹرانسفر کے حوالے سے خود انحصار بنایاجا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم میں صرف متعلقہ اداروں سے منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے جو رضاکارانہ طور پر اس نظام کا حصہ بن سکتی ہیں جس کیلئے انہیں اپنی درخواست کے ساتھ ہائوسنگ سکیم کی منظوری کا لیٹر ، منظور شدہ لےآئوٹ پلان، زمین کی پرانی فرد اور ریونیو ریکارڈ کی نئی فرد فراہم کرنا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ''پلس'' کے ساتھ رجسٹرڈ ہائوسنگ سوسائٹیز کے منتظمین پلاٹس کی خود رجسٹری کر سکیں گے جس کے لئے وہ سوسائٹی میں کمیٹی کی تشکیل اور سب رجسٹرار کو نامزد کریں گے اور اس سسٹم کے ذریعے اشٹام پیپرز، انکم ٹیکس و دیگر واجبات /فیسوں کی ادائیگی کے بعد فریقین کے بیانات کے ساتھ پلاٹ کی رجسٹری کریں گے۔ انہوں نے لینڈ ڈویلپرز کے سوالوں پر وضاحت کی کہ اس سسٹم میں ہائوسنگ سوسائٹی کے تمام پارٹنرز شامل ہو سکتے ہیں جبکہ پلاٹ کی فائلوں کے اجراء کا ریکارڈ، وصول شدہ اقساط، بقایاجات و دیگر فنڈز کی بھی نشاندہی ہو سکتی ہے۔ ڈویژنل کوآرڈنیٹر ''پلس'' نے بتایاکہ پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم میں رجسٹرڈ ہونے والی ہائوسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کو ضروری سولیات فراہم کرنے کے علاوہ ان کے سٹاف کو اس نظام کے بارے میں ضروری تربیت بھی دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ریکارڈ کی ڈیجٹائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے فوائد عام شہری تک پہنچانے کے لئے سرگرم عمل ہے اور آئندہ مرحلہ میں متعارف کروائے جانے والے سسٹم کے تحت محلہ کی سطح پر قائم فرنچائز سے زمینوں کی فرد حاصل کی جاسکے گی اور لوگوں کو لینڈ ریکارڈ سنٹر یا پٹواریوں کے پاس جانے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چوہدری نے پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم کو حکومت پنجاب کا انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم کی بدولت پلاٹ کی رجسٹری کے لئے فریقین نہ صرف اراضی سنٹر جانے کی کوفت اور وقت کے ضیاع سے بچ سکیں گے بلکہ دستیاب اراضی سے زیادہ پلاٹوں کی فائلوں کی فروخت و دیگر قسم کی جعلسازی و دھوکہ دہی کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز سے کہا کہ وہ "پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم"میں رجسٹریشن حاصل کرکے پلاٹس کی رجسٹری خود کرنے کا اختیار حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سروسز کے حوالے سے شہریوں کی سہولت و آسانی کے لئے دنیا بھر میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بھر پور فایدہ اٹھایا جا رہا ہے لہذا ایسے نظام کی کامیابی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا جائے اور ایف ڈی اے اس سلسلے میں پُرعزم ہے۔