ریکوری مہم کی پیش رفت کا جائزہ
فیصل آباد (30 اکتوبر 2025) ایف ڈی اے واجبات کے نادھندگان سے سوفیصد وصولی کویقینی بنائیں اس ضمن میں ناقص کارکردگی کے حامل سٹاف کو جوابدہ ہوناپڑے گا۔ یہ ہدایت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے ایک اجلاس میں ریکوری اہداف میں کارکردگی کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس فیصل طارق بٹ، حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ عدنان شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں اختر و دیگر افسران موجود تھے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مختلف مدات میں بقایاجات کی تفصیلات اور ریکوری کی صورت حال کاجائزہ لیتے ہوئے ریکوری اہداف میں کمزوری پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ٹاسک میں سست روی یاعدم توجہی قطاً برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ کمرشلائزیشن کے واجبات ادا نہ کرنے والوں کی جائیدادیں سربمہر کر دی جائیں جبکہ غیرقانونی ڈویلپمنٹ پر عائد جرمانوں کی وصولی میں کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے مختلف شعبوں کے سٹاف کو ریونیو وصولی کے نئے اہداف مقرر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی کو ہفتہ وار چیک کیاجائیگا اور اہداف پورا نہ کرنیوالوں کی جواب طلبی ہوگی۔ انہوں نے ایف ڈی اے سٹی کے نادھندہ الاٹیز کو ڈویلپمنٹ چارجز/ ایڈیشنل ڈویلپمنٹ چارجز اور بقایا اقساط کی فوری ادائیگی کے لئے حتمی نوٹس دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ عدم تعمیل کی صورت میں ڈیفالٹرز کے پلاٹ منسوخ کرنے کے لئے محکمانہ کارروائی کی جائے۔ انہوں نے انچارج افسران کو ریونیو وصولی کی روزانہ پڑتال کرنے کی تاکید کی اور کہاکہ ریکوری مہم کی مسلسل مانیٹرنگ ہونی چاہیئے۔