سروس ڈیلیوری میں جدید اصلاحات پر عملدرآمد کا جائزہ
فیصل آباد (یکم نومبر 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن ایف ڈی اے کا عظیم کارنامہ ہے جس کی بدولت تیز رفتار سروسز ڈیلیوری کے قابل ہوئے ہیں ان جدید اصلاحات کے ثمرات درخواست گزاروں تک پہنچے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔ وہ ایک اجلاس کے دوران سروسز ڈیلیوری میں جدید اصلاحات پر عملدرآمد کا جائزہ لے رہے تھے جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ جائیدادوں کے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ کا رئیل ٹائم اجراء ایف ڈی اے کی سروسز کا طرہ امتیاز ہے جس میں پنجاب بھر میں سبقت حاصل کی ہے لہٰذا سروسز کے معیار میں کسی بھی وقت کمی نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ ای چالان سسٹم کے اجراء کی بدولت متعدد سروسز کی فراہمی میں تیزی آئی ہے جس پر کماحقہ عملدرآمد کے لئے کڑی مانیٹرنگ کا عمل ذمہ داری سے جاری رکھاجائے۔ ڈی جی نے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت ٹائون پلاننگ رپورٹ اور قبضہ سلپ کا بلاتاخیر اجراء بھی انقلابی قدم ہے جس سے درخواست کو بے حد آسانی میسر آئی اور بہت سی شکایات کا خاتمہ ہوا ہے جس پر کامیابی سے عملدرآمد میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہیئے۔ انہوں نے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسران سے کہا کہ وہ جدید اصلاحات کے معیار اور مقدار میں اضافہ کرنے کے لئے ماہرانہ اقدامات کو آگے بڑھائیں اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے سروسز ڈیلیوری کی رفتار کو ہمہ وقت چیک کیا جائے۔ انہوں نے ون ونڈو کائونٹر کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی تاکید اور کہا کہ درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کے حوالے سے کسی شعبہ میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے اس ضمن میں کوتاہی کرنے والے سٹاف کا سختی سے محاسبہ کیا جائے۔