سرکاری بقایا جات کی وصولی کی پیش رفت کا جائزہ
فیصل اباد (18 نومبر 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے حکم دیا ہے کہ ایف ڈی اے کے بقایات کے دیرینہ نادھندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں اور واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں جائیدادوں کو سر بمہر کرنے سے گریز نہ کیا جائے۔ انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کے دوران جاری کیا جس میں سرکاری بقایا جات کی وصولی کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف انجینیئر مہر ایوب، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے مختلف مدات میں بقایا جات کی نوعیت اور ان کی تازہ ترین ریکوری کو چیک کرتے ہوئے اہداف پورا نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ناقص کارکردگی کے حامل فیلڈ سٹاف کی سخت باز پرس کی جائے۔ انہوں نے ہاؤسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈیویلپمنٹ پر عائد جرمانوں، کمرشلائزیشن فیسوں اور دیگر نوعیت کے بقایات کی 100 فیصد وصولیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ فیلڈ سٹاف کو غیر معمولی طور پر متحرک رکھا جائے اور تفویض کردہ ٹارگٹس کے حصول کی پیش رفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں تاکہ سست روی کا فوری محاسبہ ہو سکے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ سٹاف کی کارگردگی کی کڑی مانیٹرنگ کرتے ہوئے ریونیو میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے غیر قانونی کمرشلائزیشن کا فوری نوٹس لینے کی تاکید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کمرشلائزیشن فیسوں کے بقایا جات سمیت دیگر واجبات کی وصولی میں سٹاف کی ملی بھگت کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا لہذا کام چوری یا بددیانتی سے اجتناب کیا جائے۔