News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں ڈویژنل ماڈل کالج کے سب کیمپس کا افتتاح

فیصل آباد (20 نومبر 2025ء) ڈویژنل انتظامیہ نے معیاری تعلیم کے فروغ کے نیٹ ورک میں توسیع کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا جس کے تحت ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں ڈویژنل ماڈل کالج کے سب کیمپس کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے سب کیمپس کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنرز عامر رضا،آصف چوہان، پرنسپل مرزا یاسین و دیگرافسران اس موقع پر موجود تھے۔ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل ماڈل کالج کے سب کیمپس کا آغاز فی الحال ایک کرایہ کی عمارت میں کیا گیا ہے جو تعلیم کے فروغ کے پختہ عزم کا اظہار ہے جس میں مکمل کیمرج سسٹم کے تحت پہلی سے پانچویں جماعت تک بچوں کے داخلے کئے گئے ہیں جو اسی کیمپس میں اے لیول اور او لیول کی سطح تک تعلیم حاصل کرسکیں گے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے افتتاح کے بعد کلاس رومز کا دورہ کیا اور طالب علموں کے لئے تدریسی و انتظامی سہولیات، فرنیچر کے معیار اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی سب کیمپس کے قیام سے یہاں کے مکینوں اور ارد گرد کی آبادیوں کے بچوں کو باکفایت اور معیاری تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی لہٰذا اساتذہ و انتظامیہ تدریسی سرگرمیوں اور تعلیمی ماحول میں عمدہ معیار کو کماحقہ برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ سب کیمپس کے لئے زیر تعمیر کثیر المقاصد سٹیٹ آف دی آرٹ ایئرکنڈیشنڈ عمارت جلد مکمل کرنے کے بعد کلاسز وہاں شفٹ کر دی جائیں گی۔کمشنر فیصل آباد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کی زیر نگرانی ڈویژنل پبلک سکولز و کالجز نے تعلیم و تربیت کا اعلیٰ معیار قائم کیا ہے جس سے فارغ التحصیل طلباء سائنس و ٹیکنالوجی، علم و ادب، سول و ملٹری سروسز اوردیگر اہم شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں جوکہ اس موقر ادارے کا قابل فخر اعزاز ہے۔انہوں نے اس تعلیمی نظام کی مزید ترویج و ترقی اور وسعت کے عزم کو دہرایا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل ماڈل کالج کے سب کیمپس کے قیام پر ڈویژنل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کا فوری آغاز کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی ذاتی دلچسپی اور گرانقدر کاوشوں کا نتیجہ ہے جسکی بدولت نہ صرف ایف ڈی اے سٹی کے رہائشی منصوبے کی ترقی میں تیزی آئیگی بلکہ اس علاقہ کے مکینوں کے بچوں کو کم اخراجات میں باوقار تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس سے قبل پرنسپل مرزا یاسین نے سب کیمپس کی انتظامی و تعلیمی سہولیات کے تفصیلات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

Explore Us