مالیات کی ادائیگیوں میں قانونی طریقہ کار کا جائزہ
فیصل آباد (22 نومبر 2025) ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس کی جائیدادوں کی خرید و فروخت میں مالیات کی ادائیگیوں کے حوالے سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ پر شفاف انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے حکم دیا ہے کہ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ اور انکم ٹیکس کی متعلقہ شقوں کی پابندی میں عدم توجہی یا لاپرواہی نہ کی جائے۔ ڈی جی ایف ڈی اے کی ہدایات پر منعقدہ ایک اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے جائیدادوں کی خرید وفروخت اور ٹرانسفر سے منسلک مالیات کی ادائیگیوں میں قانونی طریقہ کار کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جائیدادوں کی خرید و فروخت میں رقوم کی مقررہ حد تک ادائیگیاں بذریعہ بنک ہونی چاہیئے۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اے ڈی جی ایف ڈی اے نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کی متعلقہ شقوں کو دہرایا اور اس پر شعبہ جاتی عملدرآمد کاجائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدیات پر ان قوانین پر سختی سے عملدرآمد کویقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور باقاعدگی سے جائزہ اجلاس بلاکر عملدرآمد کی صورت حال کو چیک کیا جائےگا۔