نیلام عام کیلئے محکمانہ انتظامات کا جائزہ
فیصل آباد (24 نومبر 2025) ایف ڈی اے کی ملیکتی مختلف ہائوسنگ سکیموں میں پبلک سائٹس کے رقبہ جات اور کمرشل و رہائشی پلاٹس کے نیلام عام کے ذریعے فروخت کے لئے چھ رکنی نیلام کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ یہ نیلامی بدھ 26 نومبر کو گیارہ بجے دن ایف ڈی اے کمپلیکس بالمقابل سول ہسپتال میں منعقد ہوگی جس کے لئے ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نیلامی کے عمل کی نگرانی کے لئے نیلام کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ اراکین میں ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ٹو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون شامل ہیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ نیلامی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور منظم رکھاجائے اس ضمن میں بولی میں حصہ لینے والے شہریوں کی مکمل رہنمائی اور محکمانہ سہولیات فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ نیلام عام میں فروخت کرنے یا لیز پر دینے والی جائیدادوں کے محل وقوع کے ساتھ تمام تفصیلات کے بارے میں واضح طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ بولی نادھندگان کو کوئی ابہام نہ رہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے نیلامی کی شرائط اور قواعد و ضبوابط کی مکمل پابندی کا حکم دیا اور کہا کہ نیلامی کے طریقہ کار میں کوئی رخنہ اندازی نہیں ہونی چاہیئے۔ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون/ کنوینر نیلام کمیٹی جنید حسن منج نے بتایا کہ نیلام عام میں 114 مختلف ہائوسنگ سکیموں میں تعلیم وصحت کی سہولیات کے متعلق مفاد عامہ کے لئے مختص مختلف رقبہ جات کے پلاٹس فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے جبکہ پبلک یوٹیلٹی سائٹس کے 20 پلاٹس ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول کالونیوں مدینہ ٹائون، ملت ٹائون اور قائداعظم بلاک سمندری روڈ میں واقع ہیں۔علاوہ ازیں احمد نگر میں 99 محلہ شاپس اور کمرشل سنٹر میں 45 پلاٹس کی بھی نیلامی ہوگی۔ ملت چوک گلستان کالونی میں واقع ایف ڈی اے کے ملیکتی گلستان پلازہ کے مختلف فلورز پر واقع دکانات کرایہ پر دینے، ہاکی سٹیڈیم کے قریب مدینہ ٹائون میں پونے پانچ کنال رقبہ کے دوپلاٹس ، آئرن مارکیٹ ، احمد نگر اور ملت ٹائون بھی بنک کے لئے مختص پلاٹ کے رقبہ جات لیز پر دینے کے لئے بولی میں رکھے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نیلامی کے لئے منتخب پلاٹس/جائیدادوں کی تفصیلات بیرون ایف ڈی اے دفتر سمیت شہر کے مختلف چوکوں میں آویزاں کی ہوئی ہیں۔