News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

شجرکاری مہم کے اہداف اور اقدامات کا جائزہ

فیصل آباد (12 مارچ 2026) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی ہدایات پر شہر میں ماحولیاتی بہتری اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت سرکاری عمارات اور دفاتر میں ایک لاکھ مفید پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے کمشنر فیصل آباد نے ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چوہدری کی سربراہی میں شجرکاری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس سلسلے میں شجرکاری کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت ایف ڈی اے کمپلیکس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں مینجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے دلاور خاں، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان، ڈائریکٹر پی ایچ اے حسان جاوید، میونسپل کارپوریشن، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی ہدایات کے مطابق شجرکاری مہم کے اہداف اور عملی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ایک لاکھ پودے شہر کی مختلف سرکاری عمارات کی چار دیواریوں کے اندر لگائے جائیں گے جن کے لیے سرکاری رہائش گاہوں، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر کا انتخاب کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ شجرکاری کے لیے کم از کم پانچ فٹ سائز کے مختلف اقسام کے مفید اور ماحول دوست پودے لگائے جائیں گے تاکہ ان کی بہتر نشوونما اور جلد افزائش ممکن ہو سکے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے شجرکاری کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ درخت نہ صرف ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ شہری ماحول کو خوشگوار بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے ویژن کے مطابق شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہم کے لیے تمام انتظامی اور عملی تیاریاں مکمل کر لی جائیں اور ہر محکمے کو واضح اہداف تفویض کیے جائیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ لگائے جانے والے پودوں کی بقاء اور بہتر نشوونما کے لیے مؤثر دیکھ بھال، پانی کی فراہمی اور نگہداشت کے مستقل اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ شجرکاری مہم دیرپا اور کامیاب ثابت ہو سکے۔ مینجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے دلاور خاں نے مختلف اقسام اور سائز کے دستیاب پودوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا ان اہداف کے حصول کے لئے بھرپور معاونت کی جائے گی۔

Explore Us