اربن پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے حوالے سے ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے وفد سے ملاقات
فیصل آباد (22 فروری 2024)
ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کی طر ف سے فیصل آباد میں اربن پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے کیلئے مستحکم فنانسنگ ماڈل کی تیاری کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت بی آر ٹی (بس ریپڈ ٹرانسپورٹ)کی طرز پر ٹرانسپورٹ سسٹم کے اجراء کی منصوبہ سازی کی جائیگی ۔ اس سلسلے میں ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک(اے ڈی بی )کے تین رکنی وفد نے کوآرڈنیٹر ہماڈاہا کی قیادت میں فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ملاقات کی ۔ چیف انجینئر مہرایوب گجر، ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئرنگ عمراقبال ، طلحہ تبسم ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے وفد کے اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد کے اربن ٹرانسپورٹ سسٹم میں ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے فنانسنگ ماڈل کی تیار ی کو سراہا اور انہیں فیصل آباد ماسٹر پلان کے تحت شہر کے لئے مجوزہ ٹرانسپورٹ سسٹم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ شہری تقاضوں کے مطابق زوننگ کرکے اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کے لئے مختلف روٹس، بس ٹرمینلز، ٹریفک مینجمنٹ کے معاملات و دیگر ضروری امورکی نشاندہی کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد شہر کو ایک باوقار ، باکفایت اور معیاری اربن ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے جس کیلئے ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کی تکینکی و مالی معاونت بڑی اہمیت کی حامل ہے.