ون ونڈو کائونٹر اور ای خدمت مرکز کے ذریعے موصولہ درخواستوں کی پیش رفت کا جائزہ
فیصل آباد (31 جولائی 2024)
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی کہ ون ونڈو کائونٹر اور ای خدمت مرکز کے ذریعے موصولہ شہریوں کی درخواستوں کو بلاتاخیر نمٹائیں اس ضمن میں عدم توجہی یا لاپروائی کی قطعاً گنجائش نہیں اور غفلت شعار سٹاف کا سخت محاسبہ ہوگا۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران جاری کی جس میں مختلف محکمانہ امور سے متعلق ون ونڈو کائونٹر اور ای خدمت مرکز کے ذریعے موصول ہونیوالی شہریوں کی درخواستوں کو نمٹانے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور خاں چدھڑ، ڈائریکٹر جنید حسن منج ، اسما محسن ، یاسر اعجاز چٹھہ ، پی ایس او شبیر ساجد گجر ، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری اور دیگر افسران موجود تھے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور نے ون ونڈو کائونٹر اور ای خدمت کے ذریعے موصولہ درخواستوں کی ڈسپوزل کے اعدادوشمارکی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ ڈائریکٹر جنر ل ایف ڈی اے نے محکمانہ کارکردگی کی مجموعی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تیزرفتار سروس ڈیلوری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کوبروئے کار لائیں اور تمام افسران کی ڈیجیٹائزیشن سسٹم کے ذریعے پراپرٹی کے ڈیٹا تک آسان اور فوری رسائی ہونی چاہیے تاکہ اونر شپ سرٹیفیکیٹس و ٹائون پلاننگ رپورٹس کے اجراء، بلڈنگ پلان کی منظوری اور واجبات کی وصولی کی تصدیق سمیت دیگر متعلقہ امور کو نپٹانے میں بے جا تاخیر نہ ہو اور درخواستوں کو ہرممکن حد تک کم سے کم وقت میں ریلیف مل سکے.