ایف ڈی اے کے زیر اہتمام جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے نعتیہ مشاعرہ
فیصل آباد (16 ستمبر 2024)
ایف ڈی اے کے زیر اہتمام جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے نعتیہ مشاعرہ ایف ڈی اے کمپلیکس کے کانفرنس روم میں منعقدہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے دلاور خاں چدھڑ، چیف انجینئر مہر ایوب ، ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ دیگر افسران،سٹاف اور مختلف شعبوں کے شہری موجود تھے۔ مشاعرہ کے دوران شہرکے نامور شعراء کرام نے نعتیہ کلام پیش کیا اور حاضرین کے قلوب و اذہان کو نورمحمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سےمنور کیا۔ نقابت کے فرائض معروف شاعر شہزاد بیگ نے ادا کئے جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور خاں چدھڑ نے حاصل کی۔ جن شعراء کرام نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے ان میں شہزاد بیگ، ریاض قادری، کوثر علی گل، نسیم صحرائی، نرگس رحمت، حمید شاکر، صاحبزادہ لطیف ساجد،محمود رضاسید، حسن مسعود و دیگر شامل تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے خطاب کے دوران شعراء کرام کی خصوصی شرکت اور بابرکت محفل کے انعقاد میں بھرپور معاونت پر شہزاد بیگ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نعت شریف نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عشق ومحبت کے اظہار کا خوبصورت ذریعہ ہے جس کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرور دوجہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے جسے ہراہل ایمان بھرپور خوش وجذبے اور عقیدت واحترام سے مناتاہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سارے جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا اور آپ ۖکے اخلاق حسنہ رہتی دینا تک انسانوں کیلئے کامل نمونہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل روشن و ابدی تعلیمات محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں موجود ہے اور ہم سنت طیبہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر صدق دل سے عمل پیرا ہو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں لہٰذا عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تقاضا ہےکہ ہم اپنی زندگیوں کا رخ مکمل طور پر قرآن و سنت کی طرف موڑ لیں۔ انہوں نے شعراء کرام کے ایمانی جذبات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نعتیہ اشعار سے ایمان تازہ اور اذہان وقلوب کو سکون حاصل ہوا ہے۔ آخر میں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی، اسلام کی سربلندی اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا ہونے کی توفیق کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔