حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی
فیصل آباد (20 ستمبر 2024)
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اپنے دفتر میں عوامی مسائل سننے کے لئے ہر روز ڈیڑھ گھنٹہ پبلک ڈیلنگ کے لئے مختص کر دیا ہے جس کے مطابق صبح 10 بجے سے 11.30 بجے تک ڈی جی آفس میں شہریوں سے عام ملاقات ہو گی اور وہ بلا روک ٹوک ایف ڈی اے کی سروسز کے متعلق اپنے مسائل یا شکایات سے آگاہ کر سکیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت دفتر میں یہ اوقات خصوصی طور پر عوامی رابطے کیلئے مقرر کئے گئے ہیں جن کے دوران کوئی میٹنگ یا سائٹ وزٹ نہیں رکھا جائے گا تاہم ان کے دفتر کے دروازے شہریوں کی خدمت کے لئے ہمہ وقت کھلے ہیں اور وہ دفتری اوقات میں اپنی آسانی کے مطابق کسی بھی لمحہ رابط کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں اور ذیلی دفاتر کے انچارج افسران کو بھی عوامی ڈیلنگ کے لئے اوقات مختص کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور تاکید کی گئی ہے کہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر فوری حل کریں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ متعد اصلاحات پر عمل پیرا ہیں تاہم شہریوں کو تیز رفتار ریلیف فراہم کیا جاسکے۔