غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی
فیصل آباد (30 ستمبر 2024)
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں دو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنادی۔آپریشن کے دوران موقع پر ان کے عارضی دفاتر کو سربمہر اور بعض تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں ہائوسنگ کالونیوں کی قانونی حیثیت کی انسپکشن کے دوران چک نمبر9 اور 58 ج ب کی اراضی پر پرل ریذیڈینشیا اور چک نمبر239 رب کی اراضی پر پیرامائونٹ ہائوسنگ سکیم کے ناموں سے بننے والی غیرقانونی رہائشی سکیموں کے قیام کی کوشش کو ناکام بنادیا اور موقع پر موجود ان کے دفاتر کو سیل کرکے بعض تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا گیا۔ ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کیلئے تمام قانونی و محکمانہ تقاضے پورے کرتے ہوئے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جا سکتے ہیں ۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کی دھوکہ دہی سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یاسرمایہ کاری کرنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت کی ضرور چھان بین کرلیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔