محکموں کی کارکردگی کا جائزہ
فیصل آباد (04 اکتوبر 2024ء)
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سلطان باجوہ دو روزہ دورہ فیصل آباد پر پہنچ گئے۔ انہوں نے اپنی آمد کے بعد سرکاری امور کے بارے میں مصروف ترین وقت گزارا۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے کمشنر فیصل آباد سلوت سعید سے ملاقات کی اور اپنے محکموں کی کارکردگی اور ان میں بہتری لانے سے متعلق امور پر بات چیت کی۔بعد ازاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں طویل ترین میٹنگ کی صدارت کی جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر شہاب اسلم،ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ رفیق سرویا، ڈپٹی ڈائریکٹر پھاٹا طاہر سلطانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر آب پاک اتھارٹی عبید عباد نے انہیں اپنے محکموں / اداروں کے تنظیمی ڈھانچوں، ترقیاتی منصوبوں، سروسز ڈیلیوری میں کارکردگی، مسائل اور دیگر متفقہ امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان باجوہ نے اداروں کی کارکردگی جانچتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے محکمانہ جاتی اصلاح، کرپشن کے خاتمے اور سروسز ڈیلیوری میں مزید بہتری لانے پرخصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کے اضلاع کے دورے کر کے محکمانہ کارکردگی اور عوامی خدمات میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں لہذا افسران کو چاہیے کہ وہ محکمانہ اصلاح کے مشن میں ان کی معاونت کریں حکومت پنجاب ان کے مسائل حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیانتداری، نیک نیتی اور وسائل کے منصفانہ استعمال سے اداروں میں مزید استحکام لایا جا سکتا ہے اس سلسلے میں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے پوری کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے عوامی سہولیات اور ان کے حقوق کا خصوصی خیال رکھیں اور سڑکوں کی کھدائی کے بعد ان کی جلد بحالی میں کوتاہی نہ کریں۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے اداروں /محکموں کے افسران سے سرکاری زمینوں اور ان کے استعمال،سرکاری گاڑیوں کی تعداد اور ان کے استعمال کی اہلیت،مشینری/گاڑیوں کی دیکھ بھال ومرمت اور اخراجات،ڈیلی ویجز ملازمین،پی ایچ اے کی مختلف نیلامیوں،واسا کی ریکوری،آڈٹ پیراز،افسران کے پاس اور اضافی چارجز سمیت تنخواہوں کے اخراجات کی آئندہ بدھ تک تفصیلات مانگ لیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے پاس محکموں کے پنجاب بھر میں دفاتر میں ملازمین کی حاضری بائیو میٹرک سسٹم کے تحت لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا لنک سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب کے آفس کے ساتھ ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس ہوگی لہذا سرکاری امور میں شفافیت اور دیانتداری کو یقینی بنایا جائے۔