صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سلطان باجوہ کا ایف ڈی اے کمپلیکس اور ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کا دورہ
فیصل آباد (5 اکتوبر 2024)
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سلطان باجوہ نے ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں ان ڈور گیمز کی دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکوائش، لان ٹینس، باسکٹ بال کورٹس، جمیزیم، سوئمنگ پولز، کھیلوں کے دیگر کورٹس میں گئے اور عالمی معیار کی ان ڈور گیمز کے بہترین انتظامات پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سپورٹس کمپلیکس کے قیام کو حکومت پنجاب کا شاندار اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور بامقصد و معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے معاشرے میں ایسے منصوبے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے وسیع اقدامات کررہی ہے تاکہ صحت مند وتوانا معاشرہ پروان چڑھ سکے،کھیلتا پنجاب پروگرام اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے منصوبے کی توسیع کیلئے مختلف تجاویز کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کے معیار اور وقار کو قائم ودائم رکھنے کیلئے اسکی دیکھ بھال اور اعلیٰ نظم ونسق میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے پارلیمانی سیکرٹری کو سپورٹس کمپلیکس کے تعمیراتی و تکمیلی مراحل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ستائیس کنال رقبہ پر قائم کئے گئے اس منصوبے پر 66 کروڑ 81 لاکھ روپے کے فنڈز خرچ ہوئے جبکہ اراضی ایف ڈی اے کی طرف سے فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر فیصل آباد کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی سپورٹس کمپلیکس کا انتظام وانصرام چلا رہی ہے اور باقاعدہ انٹرویو کے ذریعے اہل امیداواروں کوممبرشپ کیلئے منتخب کیا جاتا ہے جس کے حصول کیلئے شائقین کی گہری دلچسپی او ر ذوق شوق اس منصوبے پر بھرپور اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے سپورٹس کمپلیکس کی مستقبل میں توسیع کیلئے مختلف تجاویز سے بھی آگا ہ کیا۔دریں اثناء صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان باجوہ نے ایف ڈی ا ے کمپلیکس کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں دفتری امور کے طریقہ کار سمیت تیز رفتار سروس ڈیلیوری کیلئے جدید اصلاحات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور چدھڑ راجپوت ، چیف انجینئر مہرایوب ودیگر افسران موجود تھے۔انہوں نے ایف ڈی اے کمپلیکس کی تزئین وآرائش کے بعد خوبصورت اور روشن دفاتر کو سراہتے ہوئے کہا کہ خوشگوار ماحول کی بدولت ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ اور بہترین عوامی تاثر ابھرتا ہے جوکہ ادارہ کی ترقی و استحکام کا اہم پہلو ہے۔انہوں نے ون ونڈو کائونٹر پر درخواست گزاروں کو ریلیف کی فراہمی اور پراپرٹی ٹرانسفر کے امور کا خصوصی طور پر جائزہ لیااور کہا کہ تیزرفتار سروس ڈیلیوری کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل مزید اصلاحات رائج کی جائیں جوکہ عوامی خدمت کے لئے حکومت پنجاب کا اہم ویژن ہے۔ انہوں نے کمپلیکس کی چھت پرجا کر سولر سسٹم کی تنصیب کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا اور بجلی کے بل کی بچت کے لئے منصوبے کو سراہا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے بعد پراپرٹی مالکان کو سمارٹ کارڈ جاری کئے جارہے ہیں جوکہ شفافیت برقرار رکھنے کیلئے اہم قدم ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ای چالان سسٹم کا آغاز کرنے کے علاوہ بلڈنگ پلان کی منظوری، اونر شپ سرٹیفکیٹ کے اجراء سمیت دیگر امور کو بھی آن لائن کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن نمبر1237 بھی سروسز کی فراہمی کا حصہ ہے۔ مزید برآں پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بیرسٹر سلطان باجوہ نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے مرکزی دفتر کا دورہ بھی کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر شہاب اسلم نے ادارے کے امور کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ ریونیو اور بزنس ماڈل کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے جس کے تحت مختلف پارکس میں فوڈ سٹریٹس، ایمیوزمنٹ پارک کا قیام، ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ، پارکس میں کمرشل سرگرمیوں اور دیگر اقدامات شامل ہیں جس سے ادارے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ پارلیمانی سیکرٹری نےکہا کہ شہر کو خوبصورت اور کلین اینڈ گرین بنانا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے جس میں پی ایچ اے کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی افرادی قوت کے مسئلے کو پارلیمانی سطح پر اجاگر کرنے وسائل کو مزید بہتر کرنے کےلئےاقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی تشکیل کے لیے چیئرمین کی تقرری بھی جلد متوقع ہے۔