ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس
فیصل آباد (05 اکتوبر 2024ء)
کمشنر/چیئرپرسن سلوت سعید کی زیر صدارت ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبر شپ کے لئے مزید امیدواروں کے انٹرویو کئے گئے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر شہاب اسلم،ایڈیشنل ڈی جی ایف ڈی اے دلاورخاں چدھڑ،انچارج سپورٹس کمپلیکس/ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ،ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری طارق نذیرودیگرموجود تھے۔کمشنر نے کہا کہ بڑی تعداد میں ممبر شپ کے خواہش مند امیدواروں کی شرکت سپورٹس کمپلیکس کے معیار اور وقار پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کی تکمیل اور انتظامی امورچلانے میں گہری دلچسپی ترقی وکامیابی کی ضمانت ہے۔سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سہولیات کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں میں بھی وسعت لانے کے لئے پرعزم ہیں۔کمشنر نے کہا کہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ایسے اداروں کے قیام کی مزید گنجائش موجود ہے۔ممبر شپ کے امیدواروں نے سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے کو شہر میں قابل قدر اضافہ قرار دیا اور کمشنر سلوت سعید کی شاندار کوششوں کو سراہا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اعادہ کیا کہ سپورٹس کمپلیکس کی ترقی وتوسیع میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔