News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

میٹرو بس سروس منصوبے کی تکنیکی امور کا جائزہ

فیصل آباد (14 اکتوبر  2024)

حکومت پنجاب کی طرف سے فیصل آباد شہر میں بس ریپڈ ٹرانزٹ ( بی آر ٹی ) کے تحت جدت سے ہمکنار تھرڈ جنریشن میٹرو بس سروس کے منصوبے کی پلاننگ میں تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ اس منصوبے میں میٹرو بس سروس کے روٹس پر یوٹیلیٹی سروسز کوریڈور بھی قائم کی جائیگی جو انٹرنیٹ سروس کے ساتھ ساتھ واسا، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل، میونسپل کارپوریشن، فسیکو ودیگر محکموں کی سروسز کی فراہمی کے لئے استعمال ہو سکے گی تاکہ میٹرو بس سروس کے آغاز کے بعد ان روٹس پر  کسی بھی کھدائی کی ضرورت نہ پڑے۔ اس سلسلے میں ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک (اے ڈی بی) کے ماہرین/کنسلٹینٹس کا وفد مختلف تجاویز کے بارے میں مشاورت اور تکنیکی امور کا جائزہ لینے کے لئے فیصل آباد کے دورے پر ہے جنہوں نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران سے ملاقات کی۔ چیف انجینئر مہر ایوب اور دیگر ایف ڈی اے کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اے ڈی بی کے وفد میں کنسلٹینٹس کارل ورمگ( Karl werning)، ھما ڈاہا، صادق آفتاب شامل ہیں جبکہ مائیک جانسٹن(Mike Johnston) نے میٹنگ میں آن لائن شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے وفد کے ارکان کا خیرمقدم کیا اور انہیں میٹرو بس سروس کی پلاننگ کے حوالے سے ادارہ جاتی امور سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ منصوبہ فیصل آباد کے لیے بڑی اہمیت وافادیت کا حامل ہے جس کے لئے حکومت پنجاب پر عزم ہے کیونکہ فیصل آباد کے شہریوں کو اربن ٹرانسپورٹ سروس کی باوقار اور معیاری سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہےجس کی بدولت شہری پھیلائو اور ترقیاتی مراحل کے حوالے سے مستقبل کی ضروریات پوری ہوں گی۔ انہوں نے میٹرو بس سروس کی پلاننگ میں یوٹیلیٹی سروسز کوریڈور کے تصور کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستحکم، دیرپا اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ  منصوبہ سازی سے آئندہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے  اس سلسلے میں پلاننگ کے حوالے سے ایف ڈی اے کی طرف سے بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ میگا پراجیکٹس سمیت عوامی فلاح وبہبو کے کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے لیے مربوط حکمت عملی سے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں اور میٹرو بس سروس کے منصوبے میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور پبلک سروس کے دیگر اداروں کی مشاورت و معاونت کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر دیگر سٹیک ہولڈر کے ساتھ قریبی روابط کو یقینی بنانے اقدامات  کئے جا رہے ہیں ۔ اے ڈی بی وفد کے ارکان نے یوٹیلیٹی سروسز کوریڈور کے آئیڈیاز  کی تفصیلات کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ عالمی معیار کے مطابق منصوبہ بندی کے لئے مشاورت کے ساتھ یوٹیلیٹی سروسز کوریڈور کو میٹرو بس سروس کے منصوبے کا اہم حصہ بنایا جائیگا اس سلسلے میں آئندہ چند روز میں مقامی سطح پر سٹیک ہولڈرز کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔ایشیائی ترقیاتی بنک کے کنسلٹینٹس میونسپل کارپوریشن، واسا، فسیکو سمیت پبلک سروسز کے دیگر اداروں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔

Explore Us