عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور پر روڈ سیفٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے امور کا جائزہ
فیصل آباد (15 اکتوبر 2024)
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کا دورہ کیا۔انہوں نے روڈ سیفٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر مہر ایوب، سینئر ریزیڈنٹ انجینئر نیسپاک امجد سعید، ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئرنگ عمر اقبال، محمد عمران ودیگر افسران کے علاوہ کنوینر روڈ سیفٹی، ٹریفک مینجمنٹ اینڈ انجینئرنگ کمیٹی میاں افتخار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے فلائی اوور پر گزشتہ روز موٹرسائیکل کے مہلک حادثات پر گہرے دکھ وصدمے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسے المناک حادثات کو روکنے کے لئے ہمہ نوعیت کے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں جس کے لئے ٹریفک انجینئرنگ کے مطابق حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے جن پر فوری عمل ہونا چاہیئے۔ اس موقع پر تکنیکی و فنی طریقوں کا جائزہ لیتے ہوئے فلائی اوور کے موڑ پر حفاظتی دیوار کے مخصوص حصوں پر مضبوط آہنی جنگلہ لگانے اور ربڑ کے سافٹ سپیڈ بریکر نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ عوامی آگاہی کے لئے روڈ سائن کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائیگا تاکہ گاڑیوں کی رفتار کو مقررہ حد میں رکھنے کا احساس اجاگر ہو سکے۔ سی ٹی او فرحان اسلم نے فلائی اوور کو ٹریفک حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے پائیدار و مربوط اقدامات کرنے پر زور دیا اور کہا کی ٹریفک مینجمنٹ کے لئے پٹرولنگ کے علاوہ فلائی اوور کے دونوں اطراف ٹریفک وارڈنز بھی مامور ہوں گے۔ سنئیر ریزیڈنٹ انجینئر امجد سعید نے فلائی اوور کی ڈیزائننگ کی تفصیلات کے بارے میں بتایا کہ یہ منصوبہ انٹرنیشنل معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاہم اس پر گاڑیوں کی رفتار کی حد مقرر ہے جس پر عمل ہونا چاہیئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے حفاظتی جنگلہ نصب کرنے کے کام کو فوری شروع کرنے کی ہدایت کی اور سی ٹی او سے کہا کہ جنگلہ کی تنصیب کی تکمیل تک فلائی اوور پر ٹریفک مینجمنٹ میں معاونت کریں۔ انہوں نے گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور خصوصی طور پر موٹر سائیکلیٹس سے اپیل کی کہ وہ عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور پر گاڑیوں کی رفتار مقررہ حد سے تجاوز نہ کریں تاکہ کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے شہری ترقی کے شعبہ میں ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے یہ منصوبہ بڑی اہمیت و افادیت کا حامل ہے جسکی بدولت جھمرہ روڈ ، کینال ایکسپریس وے، شیخوپورہ روڈ اور دیگر ذیلی شاہرات پر جانیوالی ٹریفک کو آسانی میسر آئی ہے۔