News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

میٹرو بس سروس منصوبے کی پلاننگ، ادارہ جاتی مشاورت / سٹیک ہولڈرز ورکشاپ / کانفرنس

فیصل آباد (17 اکتوبر 2024)

حکومت پنجاب اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے فیصل آباد شہر میں میٹرو بس سروس کے منصوبے کی پلاننگ کے اہم جزو کے حوالے سے ادارہ جاتی مشاورت کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز ورکشاپ مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی ۔ ایف ڈی اے کی معاونت سے منعقدہ سٹیک ہولڈرز ورکشاپ میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے ماہرین کارل ورمگ (Karl Wermig), ہما ڈاہا، صادق آفتاب و دیگر نے شرکاء کو میٹرو بس سروس کے روٹس پر انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اسروسز کوریڈور کی اہمیت، فنی و تکنیکی پہلوؤں اور مختلف اداروں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اس کی ضرورت سے آگاہ کرتے ہوئے اسکی پلاننگ میں ان کی تجاویز ومشورے سے طلب کئے۔ سٹیک ہولڈرز ورکشاپ میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر شہاب اسلم، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب وایف ڈی اے کے دیگر انجینئر بھی موجود تھے۔ مشاورتی  کے پہلے سیشن میں ایف ڈی اے، سوئی گیس، فیسکو، انٹرنیٹ کمپنیز نیا ٹیل، ٹرانس ورلڈ ہوم ملٹی نیٹ، سائبر نیٹ اور این ٹی سی کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ دوسرے سیشن میں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، فیصل آباد پارکنگ کمپنی، محکمہ ماحولیات ، ویسٹ مینیجنٹ کمپنی، ریسکیو 1122 ، واسا اور ایف ڈی اے کے افسران موجود تھے ۔ افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا صدیوں پر محیط طویل المعیاد ترقیاتی منصوبوں کی پلاننگ میں مجموعی دانش سے ہی آئندہ دور کی جدید ضرورتوں کو مد نظر رکھا جاسکتا ہے تاکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے دور میں تیزی سے بدلتی ہوئے ترقیاتی تقاضوں پر پورا اترا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آرٹی) کے تحت فیصل آباد شہر میں میٹرو بس سروس کا بڑا منصوبہ حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام ہے جسکی پلاننگ کے مختلف جزیات پر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت خوش آئند ہے جو نقائص سے پاک جامع، منظم اور پائیدار منصوبہ سازی کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے میٹرو بس سروس کے روٹس پر انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سروسز کوریڈور کے تصور کو منصوبے کی پلاننگ میں اہم اور ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت مختلف اداروں کی سروسز کی فراہمی و توسیع کیلئے استعمال ہو سکے گی اور اس حوالے سے ان روٹس پر زمین کی کھدائی یا روڈ کٹ سے بچا جا سکے گا جو کہ میٹروبس سروس کے روٹس کے تحفظ کیلئے پلاننگ کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے اداروں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ ابھی سے مستقبل کی پلاننگ کریں اور بڑھتی ہوئی شہری ضروریات کے مطابق ادارہ جاتی سروسز کی تو سیع اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں طویل المعیاد سوچ و بچار کر کے میٹرو بس سروس کی مضبوط اور پائیدار پلاننگ میں اپنا کردارادا کریں کانفرنس سے ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شہاب اسلم نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ کانفرنس میں سٹیک ہولڈرز کے مباحثہ کو میٹرو بس سروس کی مضبوط پلاننگ کے لئے خوش آئند قرار دیتے بعض تجاویز پیش کیں۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے ماہرین نے شرکاء کو میٹرو بس سروس کے منصوبے کی پلاننگ میں روٹس پر مستقبل کے تقاضوں کے مطابق انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سروسز کوریڈور کے تصور اور اسکی ضروریات سے آگاہ کیا اور کہا کہ شرکاء فیصل آباد میں اپنے ادارے کے ترقیاتی منصوبوں کے موجودہ نیٹ ورک کا جائزہ اور آئندہ منصوبہ سازی پر ابھی سے غور و خوض کریں اور اس حوالے سے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سروسز کوریڈور کی کامیاب حکمت عملی کے بارے میں اپنی تجاویز سے آگاہ کریں۔ورکشاپ کے آخر میں سوال جواب کا سیشن اور گروپس مباحثہ ہوا۔ اس دوران شرکاء کو میٹرو بس سروس کے روٹس پر انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سروسز کے حوالے سے درکار دیگر معلومات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ورکشاپ کے اختتام پر ڈائریکٹر انسپکشن ایف ڈی اے عاصم محمود نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

Explore Us