پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں میں پبلک یوٹیلٹی سروسز کے پلاٹس کا جائزہ
فیصل آباد (18 مارچ 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس نے ایک اجلاس میں پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں میں پبلک یوٹیلٹی سروسز کے پلاٹس کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میاں اسد مجید و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی جی نے مختلف ہائوسنگ سکیموں میں تعلیم، صحت، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واسا سروسز و دیگر یوٹیلٹی سروسز کیلئے مختص پلاٹس کے رقبہ جات، نوعیت، محل وقوع، ان کے موجودہ استعمال اور ان کی زمینی صورت حال کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے حکم دیا کہ مفاد عامہ کے ان پلاٹس کے تحفظ اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اس ضمن میں سرکاری مفادات کی حفاظت کیلئے سخت ترین ہدایات جاری کی جن پر سختی سے عمل پیرا رہنا چاہیئے اور مانیٹرنگ کے عمل کو تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پرائیویٹ ہائوسنگ سکیم میں پبلک یوٹیلٹی سروسز کے پلاٹ پر ناجائز قبضہ نہیں ہونا چاہئے اور طے شدہ مقاصد کے علاوہ کسی دیگر مقصد کیلئے استعمال کرنے والی ہائوسنگ سوسائٹی کے منتظمین کے خلاف کارروائی کریں اس سلسلے میں ناجائز تعمیرات کو مسمار کرکے مفاد عامہ کے سرکاری رقبہ کو کلیئر کرنے میں تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ایف ڈی اے کی طرف سے پبلک یوٹیلٹی سروسز کے پلاٹس پر سرکاری رقبہ ہونے سے متعلق تحریر پر مبنی بورڈز آویزاں کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک یوٹیلٹی سروسز کے پلاٹس کے تحفظ کیلئے تمام تر قانونی ذرائع بروئے کار لائے جائیں اور باز نہ آنے والے ڈویلپرز کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہونے چاہیئے۔ اے ڈی جی نے پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں میں مفاد عامہ کے رقبہ جات کو کسی بھی ناجائز قبضہ سے پاک رکھنے کی سختی سے تلقین کی اور خبردار کیا کہ پبلک یوٹیلٹی سروسز کے پلاٹ کو دیگر مقصد کیلئے استعمال کرنے، قبضہ کرنے یا ناجائز تعمیرات ہونے کی صورت متعلقہ انسپکٹر ذمہ دار ہوگا اس ضمن میں کسی قسم کی ملی بھگت برداشت نہیں کی جائیگی۔