عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ
فیصل آباد(21 نومبر 2023ء)
حکومت پنجاب کے خصوصی اقدامات کے تحت شہری ترقی کے لئے ایک ارب 36 کروڑ روپے کی لاگت کے تخمینہ سے منظور کئے گئے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیکٹ پر ایف ڈی اے کی زیر نگرانی ابتدائی کام شروع ہوگیا ہے اس سلسلے میں کنٹریکٹر کی طرف سے ٹیسٹ پائلنگ مکمل کرکے زمینی تجزیہ سمیت منصوبے کی دیگر ڈرائنگ پر کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے اس پراجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے فلائی اوور کے مقام کا دورہ کیا اور اب تک کی محکمانہ کارکردگی کے بارے میں بریفنگ لی۔ چیف انجنیئرایف ڈی اے مہر ایوب اور چیف ریزیڈنٹ انجنیئر نیسپاک امجد سعید نے ڈپٹی کمشنر کو عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے فنی و تکنیکی پہلوؤں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ٹیسٹ پائلنگ کر کے ان پر لوڈ کا تجربہ کیا جارہا ہے جس کے نتائج کے مطابق فنی معاملات کو مکمل کریں گے.