ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں مختلف چارجز کی آن لائن پیمنٹ
فیصل آباد (12 ستمبر 2024)
ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کے ممبرز کو موقع پر ''آن لائن پے منٹ ''کی سہولت فراہم کردی گئی ہے اس سلسلے میں ایک نجی بنک سے معاملات طے ہونے کے بعد پوائنٹ اف سیل(POS) مشین سپورٹس کمپلیکس میں دستیاب ہے اور ممبرز کسی بھی بنک کے کریڈٹ کارڈ /ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ممبرشپ فیس، ماہانہ چارجز وغیرہ کی موقع پر ادائیگی کرسکتے ہیں۔ اس سہولت کی فراہمی کے انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے الفلاح بنک کے نمائندہ افسران سے میٹنگ کی جس میں ڈائریکٹر فنانس یاسراعجاز چٹھہ ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس فیصل طارق بٹ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدنان شاہد و دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ الفلاح بنک کی طرف سے سیلز اینڈ کسٹمرز مینجرز راشد محمود اور ذیشان رضا نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بنک نمائندگان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ایف ڈی اے کی سروسز کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں متعدد شعبوں میں آن لائن ادائیگیوں کا نظام شروع کر دیا گیا اور سپورٹس کمپلیکس کے ممبرز کیلئے ادائیگیوں کی آن لائن سہولت کی فراہمی بھی انہی اصلاحات کی کڑی ہے۔ انہوں نے بنک انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سپورٹس کمپلیکس میں اس سہولت کے باعث ممبرز کیلئے ادائیگیوں میں آسانی میسر آئیگی ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ڈائریکٹر فنانس کی سربراہی میں شعبہ فنانس کے افسران کی ٹیم کو شاباش دی جنہوں نے بنک انتظامیہ سے مسلسل رابطے کے ذریعے اس کام کو کامیابی سے مکمل کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف ڈی اے کی سروسز کو مزید جدید و مستعد بنانے کیلئے اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھائیں اور سپورٹس کمپلیکس میں ممبرز کی سہولیات وآسانیاں کو ہرممکن خیال رکھاجائے۔