شجرکاری مہم
فیصل آباد(6 مارچ 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ماحولیاتی حسن شہری ترقی کا اہم جزو ہے جس کو ابھارنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جا رہے ہیں اس ضمن میں نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے جنہیں شجرکاری کی تحریک میں شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ بات ستیانہ روڈ پر نجی ہائوسنگ سکیم میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگاتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر احمد ابراہیم، اقراء مرتضیٰ و دیگر افسران نے بھی مختلف اقسام کے پودے لگائے اور کی بقا و بہتر نشوونما کی دعا کی۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ درخت دھرتی کا حسن اور ماحولیاتی تحفظ کے ضامن ہیں لہٰذا زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ان کی ذمہ دارانہ نگہداشت کے ذریعے پروان چڑھایا جائے تاکہ آئندہ نسل کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول میسر آسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی طرف سے شجرکاری تحریک کے دوران وسیع پیمانے پر پودے لگانے میں معاونت کی جا رہی ہے جسکی کامیابی کیلئے کمیونٹی کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں 84 کنال رقبہ پر سنٹرل پارک کی تیزئین و ترقی کیلئے اقدامات جاری ہیں جبکہ دیگر پبلک پارکس اور گرین بیلٹس کو سرسبز و شاداب رکھنے کیلئے سٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اشتراک عمل سے شجرکاری تحریک کو کامیابی بنایا جائے گا ضرورت اس امر کی ہے کہ"ہر بشر- ایک شجر " مہم میں ہر شہری کی طرف سے بھرپور حصہ لیا جائے۔ڈی جی ایف ڈی اے نے نجی ہائوسنگ سوسائٹیز میں منظم اور قرینے و سلیقے سے شجرکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی میں فضا کو صاف اور ماحول کو خوشنما رکھتے کیلئے انواع و اقسام کے درختوں کا اضافہ بے حد ضروری ہے اس سلسلے میں پودے لگانے کیلئے ہائوسنگ سوسائٹیز کے پاس وسیع جگہ دستیاب ہے جس کی سرسبز و شادابی کیلئے جامع پلان کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ نجی ہائوسنگ سکیم آرچرڈ ھومز کی انتظامیہ نے بتایا کی انہوں نے وسیع تعداد میں درخت لگانے کا پلان وضع کر کے میاواکی فاریسٹ پارک کا ڈیزائن ترتیب دیا ہے جس کی تکمیل سے قدرتی ماحول کا منظر مزید خوبصورت و جاذب نظر ہو گا۔