ریکوری مہم کی پیش رفت کا جائزہ
فیصل آباد (31 مئی 2025) ڈائریکٹر جنر ل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نادھندگان سے واجبات کی 100 فیصد وصولی کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ رواں مالی سال کے آخر تک ریونیو ٹارگٹس کو پورا کیاجائے۔ انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس میں ریکوری مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس حمیرا اشرف، فیصل طارق بٹ و دیگر افسران موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مختلف مدات میں اب تک کی وصولیوں اور بقایاجات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ دیرینہ نادھندگان سے واجبات کی وصولی میں کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیئے اور کمرشلائزیشن فیسوں، غیرقانونی ڈویلپمنٹ اور ناجائز تعمیرات پر عائد جرمانوں، جائیدادوں کے ٹھیکہ /کرایہ جات اور دیگر نوعیت کے بقایاجات ادا نہ کرنیوالوں کے خلاف ضابطہ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائیں اس ضمن میں جائیدادوں کو سربمہرکرنے سے بھی گریز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی کے نادھندہ الاٹیز کو بقایا اقساط اور ڈویلپمنٹ چارجز جمع کرانے کا آخری نوٹس جاری کریں اور عدم ادائیگی پر پلاٹ منسوخ کرنے کیلئے محکمانہ کارروائی کی جائے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ ماہ جون میں ایف ڈی اے سٹی میں دستیاب پلاٹوں ، ہائوسنگ سکیموں میں پبلک یوٹیلٹی سائٹس کے رقبہ جات اور ایف ڈی اے کے ملیکتی دیگر کمرشل و رہائشی پلاٹس کی فروخت کیلئے نیلامی کا جامع بندوبست ہونا چاہیئے تاکہ ادارہ کے مالی استحکام کے لئے زیادہ سے زیادہ پلاٹس فروخت ہوسکیں۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سے کہا کہ وہ ریونیو مہم کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں اور اہداف کے حصول کے لئے فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھاجائے۔ انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر وصولیوں کا جائزہ لیکر انہیں رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔