News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

فیصل آباد شہر میں بی آر ٹی (بس ریپڈ ٹرانزٹ) کے تحت میٹرو بس سروس پراجیکٹ کی پلاننگ

فیصل آباد (18 ستمبر 2024)

حکومت پنجاب کی ہدایات پر فیصل آباد شہر میں بی آر ٹی (بس ریپڈ ٹرانزٹ) کے تحت میٹرو بس سروس پراجیکٹ کی پلاننگ کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اس سلسلے میں سٹک ہولڈرز کی مشاورت سے منصوبے کو منظم ، جامع اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنا کر مستحکم بنیاد پر فراہم کی جائیگی۔میٹرو بس سروس کے منصوبے کے حوالے سے تیارکردہ ''فیصل آباد کوالٹی پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک رپورٹ''کے بارے میں مشاورت اور غور و خوض کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک (اے ڈی بی)کے نمائندہ وفد نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر)ندیم ناصر سے ملاقات کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اے ڈی بی کے نمائندہ وفد میں اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کے ماہرین ھما ڈاہا، اشعر لودھی اور محمد مبشر معین شامل تھے جنہوں نے میٹرو بس سروس کے منصوبے کے بارے سٹڈی اور مقامی تقاضوں کے مطابق منصوبہ سازی کی تفصیلات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے وفد کے ارکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے میٹرو بس سروس کے میگا پراجیکٹ کو فیصل آباد شہر کےلئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اندرون شہر سفر کے لئے ایک باوقار ، باکفایت اور معیاری اربن ٹرانسپورٹ کا منصوبہ ناگزیر ہے کیونکہ شہر کے پھیلائو اور بڑھتی ہوئی آبادی کی سفری ضروریات کو پورا کرنا بہت بڑا چیلنج  ہے جس کے لئے حکومت پنجاب کی طرف دور رس نتائج کے حامل سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے میٹرو بس سروس کے مجوزہ روٹس اور فیڈر ایریا کی تفصیلات میں گہری دلچسپی لی اور کہا کہ اس منصوبے کو فیصل آباد کے ماسٹر پلان سے ہم آہنگ کرکے مستقبل میں علاقائی ڈویلپمنٹ کو مدنظر رکھاجائے کیونکہ جو علاقے تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہیں وہاں پر ایسی معیاری بس سروس کی رسائی بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس کے منصوبے کے باعث و دیگر مخلوط ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونی چاہیئے جبکہ پارکنگ مینجمنٹ کو مدنظر رکھنے کے علاوہ روٹس کیلئے ہسپتالوں ، تعلیمی اداروں، بڑے صنعتی یونٹس ،بڑے سرکاری اداروں، کاروباری منڈیوں، مرکزی مارکیٹوں اور مسافروں کی بڑی تعداد کے علاقوں کے پیش نظر منصوبہ سازی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فیصل آباد سے چنیوٹ تک دو رویہ سٹرک کی تعمیر سے اس ایریا میں ٹریفک کا بہائو اور مسافروں کی زیادہ آمدورفت کی ضروریات پر بھی غور وخوض ہوناچاہئے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے سٹڈی رپورٹ اور میٹرو بس سروس کے بارے میں سوچے گئے پلان کی مختلف جزئیات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اندرون شہر مختلف روٹس پر سفر کرنے والوں کا ڈیٹا جمع کرنے کے علاوہ شہر میں اربن ٹرانسپورٹ کی دستیاب سہولیات اور مستقبل کی ضروریات کے بارے میں سروے مکمل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور ایشیئن ڈوپلیمنٹ بنک کے اشتراک سے اس منصوبے پر بین الاقوامی کانفرنس کے علاوہ ملکی سطح پر مشاورتی اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جبکہ عنقریب فیصل آباد میں بھی سٹیک ہولڈرز کانفرنس کا انعقاد کیاجائیگا۔ انہوں نے بتایا  کے میٹرو بس سروس کی فراہمی پیری اربن علاقوں تک تجویز کی گئی ہے۔ اس موقع پر فیصل آباد کوالٹی پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک رپورٹ کے مختلف پہلوئوں اور روٹس/ آپریشنل پلان کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ریڈ لائن ، بلیو لائن ، ییلو لائن اور پرپل لائن کے تحت  عبداللہ پور، شیخوپورہ روڈ، بولے دی جھگی، موٹروے، مانانوالہ، دھنولہ، لاری اڈا، کمال پور انٹر چینج، جی ٹی ایس چوک، مکوآنہ، سوساں روڈ، جھنگ روڈ، لاری اڈا، ڈی ٹائپ, لاری اڈا ستیانہ روڈ,  لاری اڈاشیخوپورہ اور کینال ایکسپریس وے ، نٹروالا اڈا، نٹروالابنگلہ ، نٹروالا چک جھمرہ ، دیال گڑھ ، جڑانوالہ ، کھرڑیانوالہ،ستیانہ، بکرمنڈی روڈ ودیگر علاقے ان روٹس میں تجویز کئے گئے ہیں۔اندروں شہر سواری کیلئے استعمال ہونیوالے چنک چی رکشائوں، آٹو رکشائوں ، ویگنوں اور بسوں کا ڈیٹا جمع کرنے کے علاوہ سروے کے مطابق روزانہ 80 ہزار سے زائد افراد مختلف شہری روٹس پر سفر کررہے ہیں جن کی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تھرڈ جنریشن تقاضوں کےمطابق میٹرو بس سروس کا منصوبہ تجویز کیاگیاہے۔

Explore Us