شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ
فیصل آباد(27 فروری 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ سروس ڈیلیوری میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اس ضمن میں فعال نظام کے تحت سخت ترین مانیٹرنگ جاری رہیگی ۔ وہ ایک اجلاس کے دوران شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لے رہے تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسراعجاز چٹھہ، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن حمیرا اشرف اور دیگر افسران اجلاس میں موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری کام کی تکمیل کے حوالے سے کوئی فائل زیر التواء نہیں رہنی چاہیئے اور درخواست گزاروں کو ٹائم لائن کے مطابق ریلیف فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں ست روی یا بددیانتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور کام میں تاخیر یا بدنیتی کی شکایت پر متعلقہ اہلکار کا سخت محاسبہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے ایف ڈی اے کے تمام شعبوں میں اعلیٰ نظم و نسق کو برقرار رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ معیاری صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور دفاتر کے ماحول کو خوشگوار، خوشنما اور جاذب نظر رکھا جائے اس سلسلے میں ریکارڈ کو ترتیب وار اور سلیقے سے رکھنے کے علاوہ خستہ اور ٹوٹے ہوئے فرنیچر کو ہٹا دیا جائے جبکہ عوامی آگاہی کیلئے دفاتر کے کمروں کے باہر یکساں نوعیت کے شعبہ جاتی بورڈز آویزاں ہونے چاہیئے اور کمپلیکس کی مرکزی جگہ پر ایک ہی نوٹس بورڈ نصب کر کے سٹاف اور لوگوں کی رہنمائی کیلئے ضروری معلومات سے متعلق خطوط یا پوسٹر چسپاں کریں۔ انہوں نے سختی سے تلقین کی کہ ایف ڈی اے کمپلیکس کی عمارت پر کسی جگہ کوئی اشتہار یا پوسٹر آویزاں نہیں ہونا چاہیئے اور سے لگے ہوئے پوسٹر ز کو فوری صاف کرائیں۔
ڈی جی ایف ڈی اے نے میں دفتری نظم وضبط کی مکمل پابندی کی ہدایت کی اور متعلقہ افسران سے کہا کہ سٹاف کی حاضری روزانہ چیک کی جائے اور تاخیر سے دفتر آنے کی عادت کے مرتکب سٹاف کے خلاف انضباطی کارروائی کریں۔ انہوں نے دفتری ریکارڈ ، سازو سامان ، آلات اور دیگر اثاثہ جات کی حفاظت اور دیکھ بھال کی تاکید کرتے ہوئے کہاکہ تمام مشینری ، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس اور دیگر آلات ہمہ وقت چالو حالت میں رکھیں تاکہ محکمانہ سروسز کی احسن انداز میں انجام دہی میں کوئی رکاوٹ یا مسئلہ درپیش نہ ہو۔