شجرکاری مہم کے انتظامات کا جائزہ
فیصل آباد (20 مارچ 2025) عالمی یوم جنگلات کے موقع پر ایف ڈی اے کے زیر اہتمام دس ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس سلسلے میں جمعہ 21 مارچ کو جنگلات کا عالمی دن مناتے ہوئے ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں بیک وقت دو ہزار پودے لگائے جائینگے جبکہ آٹھ ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ پرائیوٹ ہائوسنگ سوسائٹیز کو تفویض کیا گیا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر وسیع پیمانے پر شجرکاری کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسماء محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود و دیگر نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی طرف سے وسیع پیمانے پر درخت لگا کر شجرکاری مہم میں خاطر خواہ حصہ ڈالا جائیگا لہٰذا تمام افسران و سٹاف کو چاہیئے کہ وہ قومی جذبے کے ساتھ شجرکاری تحریک میں بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ پاکستان میں درختوں کی دولت میں اضافہ کرنے کے اس مشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کیلئے ایف ڈی اے کے پاس وسیع مواقع اور اراضی دستیاب ہے جس سے فائدہ اٹھا کر مفید پودے لگانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ڈی جی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور اس مشینی دور میں ماحول کو فضائی آلودگی سے پاک صاف رکھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درختوں کی موجودگی ناگزیر ہے اور ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے سرکاری سطح پر قابل قدر اقدامات کئے جا رہے ہیں تاہم سرکاری محکموں اور کمیونٹی کے اشتراک سے شجرکاری کو نتیجہ خیز بنانا وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز کو بھی درخت لگانے کیلئے متحرک رکھا جائے اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ان کو پروان چڑھانے کے سلسلے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم جاری رہنی چاہیئے ۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں بیک وقت دو ہزار پودے لگانے کے تمام تر انتظامات کو جامع اور منظم بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ اس سلسلے میں ہر شعبے کیلئے تفویض کردہ اہداف کو ذمہ دارانہ طریقے سے پورا کرنا چاہیئے۔