ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ
فیصل آباد (19 مارچ 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی /انچارج ون ونڈو کائونٹر ودیگر افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ون ونڈو کائونٹر پر مختلف شعبوں کے امور کے متعلق موصول ہونیوالی درخواستوں پر شعبہ جاتی کارروائی کی پیش رفت کوچیک کیا اور کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کی اٹھائیس سے زائد سروسز کی تیز رفتار فراہمی کی سخت ترین ہدایات جاری کر رکھی ہیں جن پر انتہائی ذمہ داری سے عمل کرتے ہوئے درخواست کو ریلیف فراہم کر نے میں کوئی رکاوٹ، سستی یا تاخیر نہیں ہونی چاہیئے ۔ انہوں نے بعض درخواستوں کو نپٹانے میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کوئی فائل/درخواست بلاجواز زیر التواء نہیں رہنی چاہئیے۔ انہوں نے تاکید کی کہ آن لائن سسٹم کے ذریعے شعبہ جاتی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور ٹائم لائن کے مطابق سرکاری کام مکمل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ سٹاف کی باز پرس کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ ٹائون پلاننگ اور اسٹیٹ مینجمنٹ اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی ادارک کرتے ہوئے ٹی پی رپورٹس، اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، جائیدادوں کی ٹرانسفر ، کچی آبادیوں کے امور و دیگر امور کے بار ے میں شہریوں کو تاخیری حربوں کی شکایت نہیں ہونی چاہئیے۔ انہوں نے تلقین کی کہ قواعد و ضوابط، پالیسی اور متعلقہ قوانین کے برعکس درخواست کے بارے میں فوری طور پر درخواست گزار کو مطلع کر دیا جائے تاکہ تاخیر کی شکایت متعلقہ شعبے کے ذمہ نہ آئے۔ انہوں نے اس عزم کو ہرایا کہ ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی قیادت میں ایف ڈی اے کی سروسز کے معیار میں اضافہ اور تیز رفتا ر ریلیف کی فراہمی کے مشن کو کامیاب بنائیں گے لہٰذا افسران اپنے ماتحت سٹاف کو سرکاری فرائض کی بروقت انجام دہی کے لئے متحرک رکھیں۔