جنگلات کا عالمی دن مناتے ہوئے ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں شجرکاری مہم
فیصل آباد (21 مارچ 2025) جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ایف ڈی اے کے زیر اہتمام ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں شجر کاری میلہ سجایا گیا جس کے دوران "پلانٹ فار پاکستان" تھیم کے تحت وسیع اراضی پر بیک وقت دو ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔ ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرہ اجتماعی شجر کاری کی اس تقریب میں مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پلکن کا پودا لگا کر شجر کاری میلے کا افتتاح کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر اسماء محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود و دیگر افسران نے بھی پودے لگائے۔ شجر کاری میلہ میں افسران، سٹاف، طلبا، ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں اور عام شہریوں نے بھرپور قومی جذبہ کے ساتھ حصہ لیا اور بڑی تعداد میں ایک ساتھ پودے لگا کر اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کو درختوں کی دولت میں خود کفیل بنانے میں بھرپور جذبے سے اپنا قومی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے شجر کاری میلہ سجانے پر ایف ڈی اے کے افسران کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اجتماعی شجر کاری سے درختوں کی اہمیت اور افادیت اجاگر ہوگی اور ہر ذمہ دار شہری درخت اگانے کی طرف مائل ہوگا جو کہ قومی فریضہ اور صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری میلہ میں تمام طبقات کی شرکت قومی جذبے کی عکاس ہے جو اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی منزل حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں گڈ گورنس کے اس مثالی دور میں عوامی فلاح وبہبود کے انقلابی اقدامات اور ادارہ جاتی اصلاحات کے بہترین نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز و شادابی میں اضافہ کے لئے صوبہ پنجاب میں وسیع پیمانے پر شجرکاری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کا اہم حصہ ہے جسے مشترکہ کوششوں سے کامیاب بنائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے شجرکاری میلہ میں شرکت کرنے پر ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرہ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ عالمی یوم جنگلات کے موقع پر 10 ہزار پودوں کے ٹارگٹ کے ساتھ ایف ڈی اے نے اپنے حصے کا کردار ادا کیا ہے اس سلسلے میں شجرکاری میلہ سجایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا شجرکاری ایف ڈی اے کے ترقیاتی اقدامات کا مستقل حصہ ہے اس ضمن میں پرایوئٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی متحرک رکھا گیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسروں و سٹاف کو ہدایت کی کہ لگائے گئے پودوں کی نشوونما کا خصوصی خیال رکھیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے بتایا کہ جامع انتظامات کے تحت میلہ لگا کر اجتماعی شجرکاری کی گئی ہے جس کامیابی کے لئے مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری رہے گا۔