News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ

فیصل آباد(یکم مارچ 2025) ایف ڈی اے کے ون ونڈو کائونٹر پر گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف شعبوں سے متعلقہ 413 درخواستوں پر ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ 122 درخواستیں زیر کارروائی ہیں جنہیں بھی تیز رفتاری سے جلد نمٹا دیاجائیگا۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی جس میں ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی /انچارج ون ونڈو کائونٹر عبداللہ نور اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر بتایاگیا کہ جن درخواستوں پر ریلیف فراہم کیا گیا ان میں جائیدادوں کی منتقلی، بلڈنگ پلان کی منظوری، جائیدادوں کی کمرشلائزیشن، ٹی پی رپورٹس /اونر شپ سرٹیفکیٹس کے اجراء اور کچی آبادیوں سے متعلقہ امور سمیت دیگر سرکاری کاموں سے متعلق درخواستیں شامل تھیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے سختی سے ہدایت کی کہ ون ونڈو کائونٹر کوعوام دوست بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اس سلسلے میں درخواست گزاروں کو ایف ڈی اے کی کارکردگی پر پورا اعتماد اور اطمینان ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائم لائن کے مطابق درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کرنے میں تاخیر میں ملوث اہلکار کی جواب طلبی کی جائے اور فرائض کی ادائیگی میں سست روی کا معاملہ یکسر ختم ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مستعد اور تیزرفتار سروسز کی فراہمی اولین مشن ہے اس ضمن میں غفلت یا کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائیگی۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شعبوں میں سٹاف کی کارکردگی کی سخت مانیٹرنگ جاری رکھتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر ان کی محکمانہ پراگریس کی جانچ پڑتال کریں تاکہ کوئی درخواست /فائل بلاجواز زیر التواء نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو بار بار دفتر کے چکر لگوانے  سےگریز کریں اور بہترین اخلاقی رویے کے ساتھ شہریوں کے مسائل حل کئے جائیں۔ اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسر اعجاز چٹھہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور نے ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

Explore Us