ایف ڈی اے کمپلیکس کے فرنٹ کی تزئین و بحالی کے منصوبے کی تکمیل کا افتتاح
فیصل آباد (14 مارچ 2025) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) کے مین کیمپس کی بلڈنگ کے فرنٹ کو تزئین و بحالی کے بعد نیا روپ دیا گیا ہے جو تاریخی و ثقافتی عمارت کی عکاسی کرتا ہے۔ کمپلیکس کے فرنٹ کی تزئین نو کا یہ منصوبہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کے ترقیاتی ویژن کا مظہر ہے جسے شعبہ انجینئرنگ کی زیر نگرانی خوشنما اور اچھوتا ڈیزائن ترتیب دے کر مکمل کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کمپلیکس کے فرنٹ کی تزئین و بحالی کے منصوبے کی تکمیل کا افتتاح کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب ، ڈائریکٹرز یاسر اعجاز چٹھہ، جنید حسن منج، اسماء محسن، عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹرز عمر اقبال، عمران خان، اقراء مرتضیٰ، پی ایس او شبیر ساجد و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ایف ڈی اے کمپلیکس کی نصف صدی پرانی بلڈنگ کو خوبصورتی سے ہمکنار کرنے کے منصوبے کی تکمیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری تعمیر و ترقی کے حوالے سے ایف ڈی اے کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر اس کے کمپلیکس کی بلڈنگ کو مقامی روایات و ثقافت کے مطابق منفرد حیثیت دینے کی سوچ کے تحت اسکا نیا ڈیزائن منظور کیا گیا ہے اور اس فن تعمیر کی بدولت اب یہ بلڈنگ پر کشش نظر آئے گی اور شہر کا تاریخی حوالہ بنے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ایف ڈی اے کمپلیکس کے دفاتر کی پسماندگی ختم کر کے نئے تقاضوں کے مطابق تزئین و آرائش کی گئی ہے جس سے صاف ستھرا اور خوشگوار دفتری ماحول ابھرا ہے ان اقدامات سے نہ صرف سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے بلکہ عوامی سطح پر اچھا تاثر قائم اور پزیرائی حاصل ہوئی ہے۔ ڈی جی نے کہا کہ تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت میں مشغول اداروں کی عمارات بڑی اہمیت کی حامل ہیں جو کسی بھی شہر اور علاقے کے تاریخی ورثے کا اہم حصہ بن جاتی ہیں لہذا عمارات کی شان و شوکت برقرار رکھنے کے لئے ان میں موجود اداروں کو کارکردگی کا بہترین نمونہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے ایف ڈی اے کمپلیکس کے جمالیاتی حسن کو برقرار رکھنے اور تمام تنصیبات/املاک کی مکمل دیکھ بھال و حفاظت کرنے کی ہدایت کی۔ چیف انجینئر مہر ایوب نے کمپلیکس کے فرنٹ کی تزئین و بحالی کے منصوبے پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔