قانونی امور کا جائزہ
فیصل آباد (26 مارچ 2025) محکمہ ہائوسنگ اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب نے بعض قانونی اصلاحات کیلئے پنجاب بھر سے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سمیت دیگر ماتحت اداروں سے تجاویز طلب کر لی ہیں جن کا جائزہ لیکر انہیں محکمہ قانونی و پارلیمانی امور کو بجھوایا جائے گا۔ ان قانونی اصلاحات کا مقصد ترقیاتی اداروں کے نظام کو بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق بنانا ہے تاکہ قانون کی عملداری میں رکاوٹوں کو دور اور درپیش چیلنجز کو حل کیا جا سکے۔ حکومت پنجاب کی ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے افسران کے اجلاس میں قانونی اصلاحات سے متعلق طلب کی گئی تجاویز کے بارے میں مشاورت کی اور فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے نافذ العمل قوانین اور ان کی عملداری کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر تمام شعبوں سے متعلقہ رولز، موجودہ قوانین میں کسی قسم کے خلا یا اسے مقامی تقاضوں کے مطابق بنانے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کو ہدایت کی کہ باریک بینی سے جائزہ لیکر ادارہ کے دائرہ اختیار اور فرائض کے حوالے ضروری قانونی اصلاحات کیلئے فوری طور پر تجاویز مرتب کریں تاکہ انہیں بلا تاخیر حکومت پنجاب کو بھجوایا جا سکے۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس اے ڈی جی قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چیف انجینئر مہر ایوب ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں اور لیگل برانچ کے افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی جی نے بتایا کہ محکمہ ہائوسنگ اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب کی طرف سے قانونی اصلاحات کے بارے میں طلب کی گئی تجاویز میں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے متعلق قوانین کی کسی شق میں موجود کسی قسم کے خلا کی نشاندہی کے علاوہ ان قوانین کو عالمی معیار کے مطابق بنانا اور عملداری میں مقامی سطح پر درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی اصلاحات سے ترقیاتی اداروں کے نظام میں استحکام اور عمدہ سروس ڈیلیوری کو نئے تقاضوں کے مطابق بنایا جاسکتا ہے اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی طرف سے یہ اقدام خوش ہے۔ اجلاس کے دوران اربن ڈویلپمنٹ، ٹائون پلاننگ، پراپرٹی مینجمنٹ ودیگر شعبوں سے متعلق پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ، پنجاب لینڈ یوز رولز، پنجاب پرائیویٹ ہائوسنگ سکیمز اینڈ لینڈ سب ڈویژن رولز 2021، پنجاب مینجمنٹ اینڈ ٹرانسفر آف پراپرٹی بائی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز ایکٹ، پنجاب کچی ابادی ایکٹ و دیگر قوانین کی بعض شقوں پر غور و خوض کیا گیا اور کسی جگہ قانونی خلا و مقامی سطح پر قانون کی مؤثر عملداری سے متعلق قابل ضرورت تجاویز مرتب کی گئیں۔