غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تجاوزات کےخلاف کارروائی
فیصل آباد (27 مارچ 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے رواں ماہ مارچ میں اب تک غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں ،تجاوزات اور غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف پندرہ کارروائیاں کی ہیں جن کے دوران ناجائز تعمیرات کو مسمار ، دفاتر اور قانون شکن مالکان کو جائیدادوں کو سربمہر ، سرکاری پلاٹس کو واگزار اور تجاوزات میں ملوث افراد کے خلاف بارہ چالان کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر فاران صدیقی کی سربراہی میں بلڈنگ انسپکٹرز میاں نوید ، اسلم انصاری ، اسلم گجر و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کے دوران کینال روڈ پر چار غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی ناجائز تعمیرات کو مسمار کر کے ان کے دفاتر کو سیل کر دیا جبکہ پرانی سنٹرل جیل چوک ڈجکوٹ روڈ، بستی عیسائیاں، علامہ اقبال کالونی اور گلستان کالونی میں غیر قانونی کمرشلائزیشن پر دکانوں کو سربمہر، مدینہ ٹائون، گلشن کالونی، سر سید ٹائون فلیٹس اور علامہ اقبال کالونی میں راستوں و سرکاری جگہ پر بنائے گئے پختہ تھڑوں، کائونٹرز، ریمپ اور دیگر تعمیرات کو مسمار کر کے گزر گاہوں کو کلیئر کر دیا۔ اسی عرصہ کے دوران احمد نگر میں تین سرکاری پلاٹس پر ناجائز قبضہ کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے قیام، بغیر منظوری کمرشلائزیشن، تجاوزات اور ناجائز قبضوں سے گریز کیا جائے بصورت دیگر قانون شکن عناصر کو سخت قانونی کارروائی کا سامان کرنا پڑے گا اور ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔