تجاوزات اور ناجائز تعمیرات کےخلاف کارروائی
فیصل آباد (21 اپریل 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے گزشتہ پندرہ روز میں ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں مختلف خلاف ورزیوں پر چودہ مجموعی کارروائیاں کی ہیں جن میں غیر قانونی کمرشلائزیشن، ناجائز تعمیرات و تجاوزات اور واجبات کی عدم ادائیگی کی قانون شکنی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسما محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر فاران صدیق ہاشمی کی سرپرستی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم تجاوزات، بلڈنگ بائی لاز، اور دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں کو چیک کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے جس نے مذکورہ دنوں میں بھاری مشینری کے ذریعے گلشن کالونی اور گلبرگ میں پختہ تجاوزات کو مسمار کر کے عوامی راستوں کو کلیئر کیا جبکہ علامہ اقبال کالونی، مدینہ ٹاؤن، ستیانہ روڈ، گلفشاں کالونی، ناظم آباد، ڈوگر بستی اور کچی آبادی عثمان آباد میں غیر قانونی کمرشلائزیشن و واجبات کی عدم ادائیگی پر جائیدادوں کو سیل کیا گیا اسی طرح احمد نگر میں ناجائز تعمیرات اور بقایا جات ادا نہ کرنے پر ایک ہاؤسنگ سکیم واقع کینال روڈ کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن، تجاوزات اور ناجائز تعمیرات سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر قانون شکنی پر جائیدادوں کو سربمہر، تجاوزات اور ناجائز تعمیرات کو مسمار کیا جا رہا ہے جبکہ مسلسل خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے فوجداری مقدمات کے اندراج کے علاوہ چالان بھی سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوائے جا سکتے ہیں۔