غیر قانونی کمرشلائزیشن اور تجاوزات کےخلاف کارروائی
فیصل آباد (23 اپریل 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیموں نے الگ الگ کارروائی کرتے ہوئے مختلف رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن پر گیارہ پلاٹس کو سربمہر کردیا جبکہ موٹر مارکیٹ جھنگ روڈ میں آپریشن کے دوران پختہ تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیرنگرانی اسٹیٹ آفیسر فاران صدیق ہاشمی کی سرپرستی میں بلڈنگ و انفورسمنٹ انسپکٹرز اسلم انصاری ،رضوان چیمہ، اسلم گجر، ثناء اللہ و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی ٹیموں نے الگ الگ کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی کمرشلائزیشن اور واجب الادا فیسو ں کی عدم ادائیگی پر گلشن کالونی میں پلاٹ نمبر 38, 39, 40, 41 اور 42 جبکہ گلفشاں کالونی میں اے بلاک کے پلاٹ نمبر1, 2, 3, 129, 131, ڈی بلاک کے پلاٹ نمبر 292 کو سربمہر کر دیا۔دوسری کارروائی میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے موٹر مارکیٹ جھنگ روڈ میں آپریشن کر کے دکانداروں کی طرف سے تجاوز کر کے تعمیر کئے گئے،دھڑوں، کائونٹرز ، ریمپ اور دیگر ناجائز تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا جبکہ قصوروار دکانداروں کے خلاف چالان بھی سپیشل جوڈیشنل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے گئے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طر ف سے متنبہہ کیا گیا ہے کہ رہائشی جائیدادوں کی نوعیت کو غیرقانونی طور پر کاروباری مقاصد میں تبدیل کرنے سے گریز کیا جائے اس سلسلے میں باقاعدہ منظوری حاصل اور مقررہ واجبات جمع کرائے جائیں بصورت دیگر قانون کی زد میں آئیں گے۔ مزید برآں تجاوزات یا ناجائز تعمیرات سے بھی اجتناب کرنا چاہیئے جس کے خلاف ایف ڈی اے کی ٹیمیں سرگرام عمل ہیں۔