تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کےخلاف کارروائی
فیصل آباد (25 اپریل 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں غیر قانونی توسیع اور پبلک یوٹیلٹی سائٹس پر ناجائز قبضہ و تجاوزات کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ہاؤسنگ سکیم میں بلامنظوری توسیع اور دوسری ہاؤسنگ سکیم میں پبلک پارک سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر فاران صدیق ہاشمی کی سرپرستی میں انسپکٹر اسلم گجر و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو شیخوپورہ روڈ پر قائم زی گارڈن ہاؤسنگ سکیم میں منظوری حاصل کئے بغیر توسیع کی جا رہی تھی جس کی خلاف کارروائی کے دوران سٹرکوں، سیوریج سمیت غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا اور ڈویلپر سے کہا گیا کہ وہ ہاؤسنگ سکیم میں توسیع کے لئے تمام تر قانونی تقاضے اور محکمانہ شرائط پورا کر کے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزی پر فوجداری کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ انفورسمنٹ ٹیم نے دوسری کارروائی میں ہاؤسنگ سکیم ستارا ویلی شیخوپورہ روڈ میں پبلک پارک سے تجاوزات کا صفایا کیا گیا اور خبردار کیا گیا ہے کہ مفاد عامہ کی جگہوں پر ناجائز قبضہ یا تجاوزات سے اجتناب کیا جائے وگرنہ قانون شکنی پر محکمانہ کارروائی کی زد میں آئیں گے۔