ایف ڈی اے سٹی میں پارکس کی ڈویلپمنٹ اور سیوریج سسٹم کے امور کا جائزہ
فیصل آباد (14 مئی 2025) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے سٹی میں پارکس کی تیز رفتار تزئین وترقی اور سیوریج سسٹم میں بہتری لانے کا حکم دیا ہے اس سلسلے میں مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف ڈی اے قیصر عباس رند کو سونپی گئی ہیں جنہوں نے زمینی حقائق کا جائزہ لینے کیلئے ایف ڈی اے سٹی کا دورہ کیا اور پارکس کی تزئین و ترقی اور سیوریج نظام کے تحفظ کے امور کا معائنہ کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں نے انہیں جاری ترقیاتی کاموں اور اس سلسلے میں کئے گئے انتظامی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم، انچارج ہاٹیکلچر رانا سجاد و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے بلاک سیون اے میں سنٹرل پارک ، چلڈرن پارک اور دیگر پبلک پارکس کو چیک کیا اور ان کی سرسبز و شادابی کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مون سون موسم میں وسیع پیمانے پر منظم انداز میں شجرکاری کیلئے جدید سائنسی اصولوں کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے سنٹرل پارکس میں جوگنگ ٹریک کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیر و تفریح کیلئے آنے والے ایف ڈی اے کے باسیوں کو خوشگوار ماحول اور ہر ممکن سہولیات میسر آنی چاہیئے اس سلسلے میں بیٹھنے کیلئے خوبصورت بنچ نصب کریں ۔ انہوں نے چلڈرن پارک کے معیار اور عمدہ ماحول کو برقرار رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ بچوں کی کھیل کود اور تفریح کیلئے محفوظ انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مین بلیوارڈ اور ذیلی شاہرات کی گرین بیلٹس کو موسمی پھولوں سے سجانے اور زیادہ تعداد میں سجاوٹی پودے لگانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں اے ڈی جی نے مختلف بلاکس میں سیوریج سسٹم کا معائنہ کیا اور گٹروں کے ڈھکن مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے گٹروں کی نمبرنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر ڈھکن پر گھروں کی مناسبت سے نمبرز تحریر کئے جائیں۔ انہوں نے سیوریج سسٹم کو بحال رکھنے کیلئے سٹاف کی کارکردگی کو مسلسل چیک کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ ایف ڈ ی اے کے رہائشی افراد کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی تعطل یا رکارٹ نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کو فعال رکھنے، معیاری صفائی ستھرائی اور سٹریٹ لائٹس چالو رکھنے کا حکم دیا۔