شہری ترقی کے منصوبوں کیلئے اقدامات
فیصل آباد (19 اکتوبر 2024)
ایف ڈی اے کی طرف سے شہری ترقی کے منصوبوں اور عوامی فلاحی وبہبود کے اقدامات پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے ہرممکن انتظامی معاونت فراہم کی جارہی ہے اس سلسلے میں ایف ڈ ی اے انتظامیہ نے اپنے ذرائع سے دس گراس کٹر اور بش کٹر مشینیں پی ایچ اے کے حوالے کی ہیں ۔ یہ مشینیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک سادہ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر شہاب اسلم کے سپرد کیں۔ چیف انجینئر مہرایوب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر/پی ایس او شبیر ساجد گجر ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ شہرکی سرسبز وشاداب اور جمالیاتی لحاظ سے خوبصورت بنانے میں پی ایچ اے کے اہم کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا تاہم پارکس، گرین بیلٹس ودیگر باغیچوں کی دیکھ بھال و بحالی کیلئے خاطر خواہ وسائل بھی درکار ہیں جن میں معاونت کیلئے پی ایچ اے کو بیٹری پر چلنے والی پانچ گراس کٹر اور پانچ بش کٹر مشینیں فراہم کی جارہی ہیں تاکہ ادارہ کی کارکردگی مزید بہتر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ترقی و خوبصورتی کے اقدامات میں وسعت لانے کے لئے ایف ڈی اے کا ادارہ پرعزم ہے اس ضمن میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور شہری ترقی کے دیگر اداروں کے ساتھ ترقیاقی اقدامات میں شراکت داری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بطور ڈی جی پی ایچ اے فرائض انجام دینے کے دوران اپنے تجربات و مشاہدات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرسبز و خوشنما فیصل آباد کیلئے ہمہ نوعیت کے انتظامی وترقیاتی منصوبوں کی گنجائش موجود ہے جس کیلئے وسیع پلاننگ کو آگے بڑھاتے ہوئے شہری ترقی وتزئین و آرائش میں دلچسپی رکھنے والے صنعتی و کاروباری اداروں، تاجر تنظیموں ودیگر کمیونٹی کا تعاون حاصل کیاجا سکتا ہے۔انہوں نے اربن ڈویلپمنٹ و بیوٹیفکیش کے منصوبوں میں آئندہ بھی ہر ممکن معاونت کا یقین دلایا۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر شہاب اسلم نے قابل قدر تعاون پر ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری ودیگر افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس مشینری سے وسائل میں اضافہ اور پارکس کی دیکھ بھال میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کو مزید متحرک و فعال کرتے ہوئے پارکس و گرین بیلٹس کی ڈویلپمٹ اور پھول و پودے اگانے کیلئے ہمہ جہت اقدامات کئے جارہے ہیں۔