اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ
فیصل آباد (22 مئی 2025) ایف ڈی اے نے جدید اصلاحات کے تحت تیز رفتار سروس ڈیلیوری میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا اب پراپرٹی مالکان کو اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس "آن لائن، آن سپاٹ" رئیل ٹائم میں جاری ہوں گے۔ اس نظام کا افتتاح صوبائی وزیر ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے کیا۔ انہوں نے ایف ڈی اے کمپلیکس کا دورہ کیا اور ایف ڈی اے کی سروسز و کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے انہیں ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن سمیت شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے لئے متعارف کردہ جدید اصلاحات اور شعبہ کارکردگی کے بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے ایف ڈی اے کی سروسز میں جدت لانے کے عمل کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب لوگو ں کو محکمہ جاتی اور انتظامی آسانیاں فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے اس سلسلے میں تمام محکموں/اداروں کی سروسز کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مسلسل محنت اور جدوجہد سے متعدد چیلنجز پر قابو پا لیا ہے اور آنے والا ہر دن ترقی کی جانب بڑھے گا اور عوام ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ترقیاتی اداروں کی سروسز کو مزید منظم، جامع اور تیز رفتار بنانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی عنقریب نظر آئیگی اور آئندہ چند مہنیوں میں شاندار طریقے سے کوالٹی ڈویلپمنٹ شروع ہوگی جس میں روڈ سیکٹر، واٹر سپلائی سیوریج کی توسیع وترقی، سٹی بیوٹیفیکشن، میٹرو بس سروس و دیگر منصوبے لائے جا رہے ہیں کیونکہ عملی کام کر کے دکھاتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بتایا کہ پراپرٹی مالکان کی سہولت و آسانی کے لئے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء کا سسٹم ایف ڈی اے کا طرہ امتیاز ہے جس کے تحت ریکارڈ کی تمام تر جانچ پڑتال آن لائن ہوگی اور درخواست گزار کو فیس ادا کرنے کے وقت کے اندر آن سپاٹ اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکٹ جاری ہو جائیگا اب درخواست گزاروں کو اس مقصد کے لئے دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ انہوں نے اس جدید سسٹم کا افتتاح اور حوصلہ افزائی کرنے پر صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عنقریب فیصل آباد کے لئے بڑے ڈویلپمنٹ پیکج کا اعلان کریں گی اور اسے لاہور سے بڑھ کر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے جائیں گے جس سے گزشتہ مخالف پنجاب حکومت کی زیادتیوں و ناانصافیوں کا ازالہ ہوگا اور فیصل آباد کی ترقیاتی محرومیاں دور ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بعض محکمانہ اور انتظامی خامیوں کو دور کیا جا رہا ہے جس سے سرکاری محکمے مزید متحرک اور بھرپور عوامی خدمت میں سرگرم عمل نظر آئیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ افواج پاکستان نے انڈیا کی حالیہ جارحیت کا دلیری اور کامیاب عسکری حکمت عملی سے منہ توڑ جواب دے کر شاندار فتح حاصل کی جس سے پاکستان کو اقوام عالم میں سربلند مقام ملا ہے اور اصلی نیا پاکستان ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی قیادت میں پاکستان اپنی ترقیاتی منزل کی طرف سے بڑھ رہا ہے، معشیت مضبوط ہو رہی ہے اور وطن عزیز کو کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔