News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

اونرشپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء کے سسٹم کا افتتاح

فیصل آباد (23 مئی 2025) صوبائی وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے ایف ڈی اے کے زیر اہتمام تیز رفتار سروس ڈیلیوری کے تحت درخواست گزار پراپرٹی مالکان میں اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ اس سے قبل صوبائی وزیر نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر اونرشپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء کا افتتاح کیا اور ایف ڈی اے انتظامیہ کو سروسز میں جدت لانے و درخواست گزاروں کو تیز رفتار ریلیف حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ جدید اصلاحات سے نہ صرف سائلان کے مسائل بلا تاخیر حل کرنے اور دفتری امور تیزی سے نمٹانے میں آسانیاں میسر آتی ہیں بلکہ میرٹ، شفافیت اور ریکارڈ کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شعبہ جاتی کارکردگی میں بہتری لانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ترقیاتی سوچ کو سراہا اور کہا کہ سرکاری محکموں کی طرف سے لوگوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید سسٹم کا نفاذ حکومتی پالیسیوں اور اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے جس کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف ڈی اے کی باقی ماندہ سروسز کے معیار کو بھی جدتوں سے جلد ہمکنار کیا جائے تاکہ درخواست گزاروں کو بار بار دفتروں کے چکر لگوانے کے فرسودہ نظام کا خاتمہ ہو اور سرکاری محکموں پر عوامی اعتماد مضبوط ہو۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین کا خیر مقدم کیا اور انہیں بریفنگ کے دوران اونرشپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء کی تفصیلات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ اب پراپرٹی کے تمام ریکارڈ کی آن لائن تصدیق کر کے درخواست گزار کو فیس جمع کرانے کے ساتھ ہی اونرشپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ جاری کیا جا رہا ہےجو کہ کاروباری امور اور تعمیراتی سرگرمیوں میں آسانیاں و سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت پنجاب کی پالیسیوں کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے بعد تمام سروسز کو آن لائن کیا جا رہا ہے اور اب مختلف فیسوں کی ادائیگی بھی ای چالان کے ذریعے ہو رہی ہے۔ انہوں بتایا کہ پراپرٹی مالکان کو ان کی جائیدادوں کے کوائف پر مبنی سمارٹ کارڈز جاری کئے جا رہے ہیں جبکہ شہریوں کی رہنمائی یا معلومات کے حصول کے لئے ہیلپ لائن 1237 فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو ایف ڈی اے کی طرف سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن، دیگر کارکردگی اور درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے صوبائی وزیر کی آمد اور اونرشپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء کے سسٹم کا افتتاح کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Explore Us