ایف ڈی اے سٹی ڈویژنل پبلک سکول کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ
فیصل آباد (21 اکتوبر 2024)
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں ڈویژنل پبلک سکول کے کیمپس کی زیر تعمیرعمارت کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر مہرایوب، پرنسپل ڈی پی ایس مرزا یاسین پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈی اے سٹی سہیل مقصود پنوں ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ چیف انجینئر مہرایوب اور ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم نے ڈی پی ایس بلڈنگ کے منصوبے کی تازہ ترین تعمیراتی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عمارت کی زیرتعمیر حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار اور کارکردگی کو چیک کیا اور کہا کہ منصوبے پر شفاف انداز میں عملدرآمد کرتے ہوئے اعلیٰ تعمیراتی معیار کویقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک باوقار تعلیمی ادارے کی یہ عمارت بڑی اہمیت و افادیت کی حامل ہے جسے فن تعمیر کے لحاظ سے شاہکار بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی ایس کے اس کیمپس کے قیام سے ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں سمیت اردگرد کی کالونیوں کے رہائیشوں کے بچوں کو ان کی دیلیز کے قریب بہترین ماحول میں باکفایت اور معیاری تعلیمی سہولیات میسر آئینگی لہٰذا اس بلڈنگ کو مقررہ مدت میں مکمل کریں تاکہ بلاتاخیر تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوسکیں۔ پرنسپل مرزا یاسین نے ڈی پی ایس کیمپس کی عمارت کی تعمیراتی رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہارکیا اور کہا کہ اس ایریا میں ڈی پی ایس کیمپس کی تعلیمی خدمات جلد شروع کرنے کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے اس کیمپس کے قیام میں کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی خصوصی دلچسپی کو سراہا اور کہا وہ بطور چیئرپرسن بورڈ آف گورنرز ڈی پی ایس کی معیاری تعلیمی سہولیات کا دائرہ پورے ڈویژن میں پھیلانے کیلئے احسن اقدامات کر رہی ہیں جو فروغ علم کے سلسلے میں ان کی عمدہ سوچ کی عکاسی ہے۔ چیف انجینئر مہرایوب نے بتایا کہ آٹھ کنال رقبہ پر تعمیر ہونیوالی اس عمارت کی بنیادوں کا سترفیصد سے زائد تعمیراتی کام مکمل ہوچکاہے اور آئندہ مرحلے میں عمارت کے ستونوں کی تعمیرشروع ہو جائیگی ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈی پی ایس کیمپس کی ائیر کنڈیشنڈ دو منزلہ یہ عمارت گرائونڈ و فرسٹ فلور اور ایڈمن بلاک سمیت مجموعی طور پر چودہ کلاس رومز دو دفاتر ، دو کامن رومز ، چار لیب ، کانفرنس روم ، سٹور روم ، ڈسپنسری ، ڈے کیئر سنٹر ،تیس واش رومز اور دیدہ زیب لان پر مشتمل ہوگی جبکہ عمارت کے ڈیزائن میں خوشنمائی اور جدید فن تعمیر کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔