پنجاب کلچر ڈے
فیصل آباد (14 اپریل 2025) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ایف ڈی اے میں پنجاب کلچر ڈے منایا گیا اس سلسلے میں افسران و سٹاف نے پنجاب کا روایتی لباس پہنا اور دفتر میں پنجابی ماحول کی منظر کشی کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے شلوار قمیض، واسکٹ اور پنجابی شناخت کی پگڑی پہن کر دفتری امور انجام دیئے اور ملاقاتیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیار و محبت، باہمی احترام, امن پسندی، انسانی سانجھ، اعلیٰ اخلاقی اقدار، اور آپس کےمیل جول میں گرمی جوشی پنجابی ثقافت کی بنیاد ہیں جن کے تحت طرز زندگی کو منفرد شناخت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اپنی تہذیب و ثقافت سے آگاہ کرنا از حد ضروری کیونکہ اپنی ثقافت سے جڑی قومیں ہی تاریخ میں زندہ رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت میں علم وفن، رسم و رواج ، عقائد، عادات، صلاحیتیں، غذا، آداب اور لباس، تہوار اور اس نوعیت کے دیگر عوامل شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت ایک قدیم ترین ثقافت ہے جو روایتی لباس، کھیل، مختلف انواع کی ثقافتی خوراک، تہواروں، مذہبی روایات ، شادی بیاہ کی رسموں، میلوں ٹھیلوں و دیگر بہت سی روایات پر محیط ہے جن سے زندہ دلی کا عنصر برقرار رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت پنجاب نے پنجابی ثقافت کو اجاگر کرنے اور اسے فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور کلچر ڈے کا مقصد پنجاب کے ثقافتی ورثے کو یاد رکھنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کلچر ڈے کو بھرپور انداز میں منانے کیلئے ایف ڈی اے نے ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد آرٹس کونسل سے اشتراک کیا ہے جن میں پنجابی ثقافت کی دستکاریوں، تہذیبی ورثے اور دیگر مصنوعات کی نمائش کے علاوہ باغ جناح میں مزاحیہ مشاعرے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔